‘
دنیا بھر میں کروڑوں انسان اس وقت ڈیجیٹل یا کرپٹو کرنسیوں کے کاروبار میں مصروف ہیں۔ ان کا اٹھنا بیٹھنا تو معمول کا عمل ہے لیکن اس دوران ان کی سوچ کا محور ہمہ وقت کرپٹو کرنسی کے اتار چڑھاؤ سے جڑا رہتا ہے۔اس کی ایک مثال میٹ ڈینزیکو کی ہے، وہ جب بھی کسی گروسری اسٹور میں خریداری کے بعد اپنی شاپنگ کی پیکنگ میں مصروف ہوتے تو اکثر مختلف کرپٹو کرنسیوں کے قیمتوں پر بھی اچٹتی ہوئی نظر ڈالتے رہتے اور اس دوران انہیں اپنے اندر بڑھتی ہوئی بے چینی کا احساس بھی ہو رہا ہوتا تھا۔ پھر ایک دن وہ بھی کرپٹو کرنسی کی لت کی لپیٹ میں آ گئے۔ وہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ایسی کرنسیوں کے جنون کا حصہ بن گئے۔
کورونا وائرس کی وبا کے دوران بے شمار انسان ڈیجیٹل کرنسیوں کے لین دین میں مصروف ہوتے گئے اور یہ ٹریڈنگ ایسے افراد کا ایک طرح سے اوڑھنا بچھونا بن گئی کیونکہ اس کاروبار نے ان کی سوچوں پر غلبہ حاصل کر لیا تھا۔ ڈیجیٹل کرنسیوں کے کاروبار کے پلیٹ فارم کرپٹو ڈاٹ کوم کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں ایسی کرنسیوں کے لین دین میں 221 ملین یعنی 22کروڑ سے زیادہ انسان شامل ہیں۔
ہسپانوی شہر بارسلونا کے رہائشی انتالیس سالہ میٹ ڈینزیکو کا کہنا ہے کہ کرپٹو کرنسیوں کے کاروبار کی لپیٹ میں آنے کے بعد انہوں نے کئی راتیں جاگ کر گزاریں کیونکہ ان کے ذہن پر ان کرنسیوں کا لین دین سوار ہو گیا تھا اور انہیں محسوس ہونے لگا تھا کہ وہ جلد ہی اپنی ذہنی صلاحیتوں سے محروم ہو جائیں گے۔
امریکی شہری ڈینزیکو ایک ڈیزائنر ہونے کے علاوہ ویژؤل جرنلسٹ بھی ہیں۔ کووڈ انیس کی وبا کے دوران ان کی سوچ کے اثرات پر ان کی اہلیہ بھی نظر رکھے ہوئے تھیں کیونکہ وبا کے دوران گھر پر رہتے ہوئے وہ ہر وقت کرپٹو کرنسیوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے متعلق اندازوں میں گُم رہتے۔ وہ کہتے ہیں کہ اس وجہ سے انہیں شدید جذباتی کیفیت اور پریشان کن حد تک ذہنی بے چینی کا سامنا رہتا تھا۔
میٹ ڈینزیکو کا کہنا ہے کہ کرپٹو کرنسیاں مثال کے طور پر بِٹ کوئن یا ایتھیریم وغیرہ انتہائی غیر مستحکم ہیں اور اسی لیے عام طور پر کئی کئی مہینوں میں ان کرنسیوں کی تجارت سے کمایا گیا منافع چند ہی منٹوں میں ضائع بھی ہو جاتا ہے۔
عالمی سطح پر اس لین دین میں اب سینکڑوں ملین انسان مصروف ہیں۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ کرپٹو کرنسیوں کے جنون میں مبتلا ہونے والوں کی ذہنی کیفیت کسی رولر کوسٹر جیسی ہو جاتی ہے۔ ان کو ہر وقت کسی رولر کوسٹر کا سا تیز رفتار اتار چڑھاؤ اپنی گرفت میں لیے رکھتا ہے۔
میٹ ڈینزیکو نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں اس جنون میں کتنا مالی نقصان ہوا لیکن ان کے بینک اکاؤنٹ کی حالت ضرور خراب ہوئی۔ وہ اس جنون سے نکلنے کے بعد امریکا میں واپس اپنے آبائی گھر اس احساس کے ساتھ لوٹے تھے کہ اب وہ کرپٹو کرنسی کے جنون سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
راتوں رات امیر بننے کی سوچ
میٹ ڈینزیکو کا کہنا ہے کہ ان ڈیجیٹل کرنسیوں سے محفوظ رہنے کا راستہ یہ ہے کہ ٹوئٹر سے دور رہا جائے جہاں ایسی کرنسیوں کے شوقین افراد کا ایک بڑا مجمع ہر وقت آن لائن رہتا ہے۔ ڈینزیکو کا کہنا ہے کہ ذہنی صحت کی بہتری اور دائمی عدم استحکام سے بچاؤ کے لیے ایسا کرنا ضروری ہے۔
ٹوئٹر پر رواں برس ستمبر میں چیک جمہوریہ کے ایک شہری کی داستان بھی سامنے آئی تھی، جو راتوں رات امیر بننے کے خواب دیکھتے ہوئے کرپٹو کرنسیوں کے حصول اور ان کی قدر میں مسلسل کمی کی وجہ سے قرضوں کے جال میں جکڑتا چلا گیا۔ ٹوئٹر پر اس چیک شہری نے بطور صارف اپنا نام ‘یِرکا‘ رکھا ہوا ہے۔ اس کے مطابق وہ اب ڈپریشن اور بے گھری کی حالت میں زندگی گزار رہا ہے اور نئے سرے سے اپنی زندگی شروع کرنے کی کوشش میں ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کرپٹو کرنسیوں کا جنون بھی جوئے کی لَت جیسا ہے۔ اسکاٹ لینڈ میں بحالی? صحت کے کاسل کریگ نامی ایک مرکز نے تو کرپٹو کرنسیوں کی لت کو جدید دور کی ایک وبا سے تعبیر کیا ہے۔
اس طبی ادارے کے مطابق اس ڈیجیٹل نشے میں مبتلا ہونے والے افراد زیادہ تر عام مرد ہوتے ہیں۔ خواتین میں یہ تناسب مقابلتاً اس لیے کم ہے کہ عورتوں کو ایسی کرنسیوں کے کاروبار کا شوق کم ہوتا ہے۔
دریں اثناوسطی امریکی ملک السلواڈور بٹ کوائن کو بطور قانونی کرنسی اپنانے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔حالانکہ ناقدین کو اس پیش رفت سے منی لانڈرنگ میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ اس فیصلے کے حامیوں کے مطابق یہ ملک اب اربوں ڈالر بچا سکے گا۔
یہ فیصلہ تو مستقبل ہی کرے گا کہ سان سلواڈور میں ملکی حکومت کا یہ اقدام کامیاب دور اندیشی کا ثبوت ٹھہرایا جائے گا یا اقتصادی اور مالیاتی حوالوں سے ایک سیاسی غلطی کہلائے گا، تاہم یہ بات اپنی جگہ تاریخی حیثیت کی حامل ہے کہ السلواڈور کرپٹو کرنسی کو قانونی سکے کے طور پر اپنانے والا دنیا کا پہلا اور اب تک کا واحد ملک بن گیا ہے۔(اے ایم این)