Image

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مسلح افواج سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں، کیونکہ بدلتے ہوئے حالات میں سلامتی کی جہتیں مسلسل تبدیل ہورہی ہیں۔ جناب سنگھ نے مسلح افواج کو یقین دلایا کہ حکومت تیار ہے اور وہ ان کے اور ان کے عزیزواقارب کی ضرورتوں کو ہمیشہ پورا کرتی رہے گی۔ یوم آزادی کے موقع پر آکاشوانی پر مسلح افواج سے خطاب کرتے ہوئے جناب سنگھ نے کہا کہ اگر عدم تشدد ہمارا فرض ہے تو ملک کی یکجہتی کا تحفظ بھی اتنا ہی اہم ہے اور اس لئے ہم ملک کی یکجہتی اور اتحاد کیلئے کچھ بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ جموں وکشمیر میں کنٹرول لائن پر صورتحال ہماری چوکسی اور غیر معمولی شجاعت کی وجہ سے گزشتہ ایک سال سے قابو میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فروری 2021 سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں بھی کمی آئی ہے اور مسلح افواج اور نیم فوجی دستوں کی چوکسی کے سبب سرحد کے اس پار سے دراندازی رک گئی ہے۔