برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے ملک میں پھر سے ایک مہینے کا لاک ڈاؤن نافذ کیے جانے کا حکم دیا ہے۔ لندن میں ایک نیوز کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ پورے برطانیہ میں لاک ڈاؤن جمعرات کی صبح شروع ہوگا اور 2 دسمبر تک جاری رہے گا۔
وہاں کووڈ 19 کے دس لاکھ سے زیادہ معاملات سامنے آچکے ہیں اور انفکشن کے معاملات میں پھر سے اُچھال کے تناظر میں صحت خدمات پر دباؤ پڑنے کا خطرہ ہے۔ یوروپ کے ملکوں میں برطانیہ میں کووڈ انیس سے سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں اور وہاں کورونا وائرس کے 20 ہزار سے زیادہ نئے معاملات روزانہ سامنے آرہے ہیں۔
برطانیہ کے وزیراعظم کی جانب سے زیادہ سخت بندشیں نافذ کیے جانے کا اعلان سائنسدانوں کی اِس وارننگ کے تناظر میں سامنے آیا ہے کہ بیماری کا یہ سلسلہ غلط سمت میں جارہا ہے اور اگر لوگوں کو کرسمس کے موقع پر اکٹھا ہونے کی امید برقرار رکھنی ہے‘ تو وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کارروائی کی ضرورت ہے