ملک آج اپنا 74 واں یوم جمہوریہ منایا گیا۔ بڑی تقریب نئی دلی میں کرتویہ پتھ پر ہوئی جہاں صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے یوم جمہوریہ منانے میں ملک کی قیادت کی۔
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی پریڈ میں مہمان خصوصی تھے۔یوم جمہوریہ پریڈ تقریب کا آغاز قومی جنگی میموریل پر وزیراعظم نریندرمودی کی جانب سے ایک گُل دائرہ نذر کرنے سے ہوا جہاں اُنھوں نے بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے میں ملک کی قیادت کی۔ روایت کے مطابق قومی پرچم لہرایا گیا، اس کے بعد 21 توپوں کی سلامتی کے ساتھ قومی ترانہ ہوا۔ اِس مرتبہ 21 توپوں کی سلامی بھارت میں بنائی گئی 105 ایم ایم کی توپوں سے دی گئی جبکہ پہلے وِنٹیج 25 پاونڈر توپیں استعمال ہوتی تھیں۔ اِس سے دفاع کے شعبے میں بڑھتی ہوئی آتم نربھرتا کی عکاسی ہوتی ہے۔ Mi-17 اور V5 طرز کے چار ہیلی کاپٹروں نے کرتویہ پتھ پر موجود لوگوں پر پھولوں کی پتیاں برسائیں۔ یوم جمہوریہ پریڈ کا آغاز صدرجمہوریہ کی جانب سے سلامی لینے سے ہوا۔ مارچ پاسٹ کے دوران بھارتی فوج کی نمائندگی اِکسٹھ Cavalry کے دستے، 9 میکنائزڈ دستوں اور چھ مارچ کرنے والے دستوں نے کی۔ پریڈ کے دوران ملک میں ہی تیار کئے گئے سازوسامان کی نمائش کی گئی۔ اِن میں ارجن ٹینک، ناگ میزائل نظام، کے۔9 وجر- Howitzer گن اور آکاش اسلحہ نظام شامل ہیں۔ بھارتی فضائیہ کا مارچ کرنے والا دستہ، چار افسروں اور 144 فضائی جانبازوں پر مشتمل تھا۔ 144 نوجوان ملاحوں کے بحریہ کے دستے کی کمان خاتون افسر لیفٹیننٹ کمانڈر دِشا امرت کے ہاتھ میں تھی۔ پہلی مرتبہ مارچ کرنے والا دستہ تین خواتین اور چھ اگنی ویروں پر مشتمل تھا۔ بھارتی کوسٹ گارڈ، CRPF، ریلوے حفاظتی فورس، دلی پولیس، NCC اور NSS کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔ پہلی مرتبہ BSF کے اونٹوں پر سوار اہلکاروں میں خواتین بھی شامل تھیں جس سے خواتین کو بااختیار بنانے کی عکاسی ہوتی ہے۔ پریڈ کی خاص باتوں میں موٹے اناج کے بین الاقوامی سال کے موضوع پر زرعی تحقیق کی بھارتی کونسل کی جھانکی شامل تھی۔ پردھان منتری راشٹریہ بال پرسکار حاصل کرنے والے بچوں نے بھی پریڈ میں حصہ لیا۔
شاندار پریڈ میں ملک کی فوجی قوت اور ثقافتی گوناگونیت کی عکاسی کی گئی
@hqwaciafپریڈ کے آخر میں فلائی پاسٹ ہوا جس کا لوگوں کو بے صبری سے انتظار تھا۔ اِس میں بھارتی فضائیہ کے 45 ہوائی جہازوں ، بھارتی بحریہ کے ایک اور بھارتی فوج کے چار ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا اور آسمان میں اپنے کرتب دکھائے۔ یوم جمہوریہ کی پریڈ کے دوران ملک کی فوجی قوت، ثقافتی گوناگونیت، خودکفالت، خواتین کو بااختیاربنانے اور نئے بھارت کے ابھرنے کی عکاسی کی گئی۔ پہلی بار مصر کے فوجی دستے نے یوم جمہوریہ کی پریڈ میں حصہ لیا۔تقریب کے آخر میں قومی ترانہ ہوا اور ترنگے غبارے آسمان میں چھوڑے گئے۔ وزیراعظم نریندرمودی نے یوم جمہوریہ کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی۔ ایک ٹوئٹ میں جناب مودی نے کہا کہ اِس مرتبہ یہ موقع خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ آزادی کے امرت مہوتسو کے دوران منایا جارہا ہے۔ وزیراعظم نے یہ امید ظاہر کی ہے کہ سبھی لوگ عظیم مجاہدین آزادی کے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے مل کر آگے بڑھیں گے۔وزیرداخلہ امت شاہ نے بھی ہموطنوں کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ جناب امت شاہ نے اُن سبھی مجاہدین آزادی، آئین تیار کرنے والوں اور بہادر سپاہیوں کو سلام پیش کیا جنہوں نے ملک کو آزادی دلانے اور اُسے مضبوط بنانے اور اِس کادفاع کرنے کیلئے اپنی زندگی وقف کردی۔ اطلاعات ونشریات کے وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہاکہ یہ موقع بھارتی آئین کا ایک مربوط آئینہ ہے جس میں کثیرثقافتی تجربات، شاندار جمہوری اقدار اور تاریخی ورثے کے خوبصورت منظر کو شامل کیا گیا ہے۔ جناب ٹھاکر نے کہا کہ اِس آزادی کے امرت کال میں لوگوں کو ایک بھارت شریشٹھ بھارت بنانے کیلئے خود کو وقف کردینا چاہئے۔