Last Updated on November 28, 2026 11:52 pm by INDIAN AWAAZ

گزشتہ سال دنیا بھر میں 47 ہزار خواتین اور لڑکیاں اپنے شوہر، مرد ساتھی یا خاندان کے افراد کے ہاتھوں قتل ہوئیں جبکہ ایک تہائی خواتین اپنی زندگی میں جسمانی یا جنسی تشدد کا سامنا کر چکی ہیں۔

خواتین کے قتل پر ‘یو این ویمن‘ اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) کی تازہ ترین مشترکہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال دنیا بھر میں 78 ہزار خواتین اور لڑکیوں کو دانستہ قتل کیا گیا جن میں سے 60 فیصد کے ذمہ دار ان کے مرد شریک حیات یا خاندان کے افراد تھے۔

Tweet URL

‘یو این او ڈی سی’ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مونیکا جوما نے کہا ہے کہ خوف ناک رویے، معاشرتی اقدار اور رواج نیز اداروں کی جانب سے موثر حفاظتی اقدامات میں ناکامی ایسا ماحول پیدا کرتے ہیں جہاں بیوی، بیٹی، ماں یا بہن کا قتل ایک قابل قبول عمل سمجھا جانے لگتا ہے۔

خواتین کے قتل کی بڑھتی شرح

رپورٹ کے مطابق، افریقہ میں مرد شریک حیات یا خاندان کے افراد کے ہاتھوں خواتین کے قتل کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ رہی جہاں گزشتہ برس ہر ایک لاکھ خواتین میں 2.9 کو قتل کیا گیا۔ اس کے بعد براعظم ہائے امریکہ میں یہ شرح 1.4، اوشیانا میں 1.1، ایشیا میں 0.6 اور یورپ میں 0.5 ریکارڈ کی گئی۔

دنیا بھر میں قتل کی مجموعی شرح میں کمی آئی ہے، لیکن خواتین کے قتل میں کمی اس رفتار سے کمی نہیں دیکھی گئی۔

2010 سے 2025 کے دوران براعظم ہائے امریکہ میں قتل کی مجموعی شرح میں کمی کی رفتار خواتین کے قتل کی شرح میں کمی کے مقابلے میں تقریباً دو گنا زیادہ رہی جبکہ یورپ میں یہ رفتار تقریباً ڈیڑھ گنا زیادہ تھی۔

تشدد کے خلاف تحفظ کا مطالبہ

دونوں اداروں نے حکومتوں، نجی شعبے، اقوام متحدہ کے اداروں، ذرائع ابلاغ، خواتین کی تنظیموں اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ تشدد کی روک تھام کے اقدامات مضبوط بنائیں، متاثرہ خواتین کو تحفظ فراہم کریں اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔

یہ رپورٹ 25 نومبر کو خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن سے قبل جاری کی گئی ہے۔ اس دن سے صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کے لیے سالانہ 16 روزہ عالمی مہم کا آغاز بھی ہوتا ہے جو 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن تک جاری رہتی ہے۔

‘خواتین اور لڑکیوں پر تشدد کے خلاف اتحاد کی ضرورت: یقینی انصاف، متاثرین کا تحفظ اور مجرموں کا احتساب’ اس سال کی مہم کا بنیادی موضوع ہے۔ اس مہم کے تحت دنیا بھر کے لوگوں سے یہ اپیل بھی کی گئی ہے کہ وہ خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے دنیا کو نارنجی رنگ میں رنگ دیں۔

UN NEWS