Last Updated on November 28, 2026 10:51 pm by INDIAN AWAAZ

نئی دہلی، 28 نومبر۔ مرکزی وزیر قانون و انصاف ارجن رام میگھوال نے ہفتہ کو حلقہ بندی کے معاملے پر اپوزیشن کے خدشات کا جواب دیتے ہوئے لوک سبھا نشستوں کا مجوزہ ریاست وار نقشہ جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ منصوبے کے تحت ہر ریاست میں لوک سبھا کی موجودہ نشستوں میں یکساں طور پر 50 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ اس طرح کسی بھی ریاست کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں موجودہ نمائندگی کا تناسب کم نہیں ہوگا۔
میگھوال نے اپوزیشن کے ان الزامات کو مسترد کرنے کی کوشش کی کہ حلقہ بندی کے بعد جنوبی ہندوستان کی ریاستوں کی نمائندگی کم ہو سکتی ہے اور شمالی ریاستوں کے مقابلے لوک سبھا میں ان کی حصہ داری گھٹ سکتی ہے۔ انہوں نے اعداد و شمار اور سیاسی نقشے کے ذریعے یہ واضح کرنے کی کوشش کی کہ تمام ریاستوں کو ان کی موجودہ نشستوں کے تناسب سے یکساں اضافہ ملے گا۔
اس دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے تمام سیاسی جماعتوں سے 132ویں آئینی ترمیمی بل کی حمایت کرنے کی اپیل کی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ مجوزہ تبدیلی کے نتیجے میں لوک سبھا میں ریاستوں کی نمائندگی بڑھے گی۔
تاہم، کانگریس رہنما راہل گاندھی اور اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کے دیگر جماعتوں نے اس تجویز پر سوالات اٹھائے ہیں۔ اپوزیشن نے لوک سبھا کی مجموعی نشستوں کی تعداد بڑھ کر 850 تک پہنچنے کے امکان اور حلقہ بندی کمیشن کے طریقۂ کار پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔
132ویں آئینی ترمیمی بل 30 نومبر سے شروع ہونے والی پارلیمانی کارروائی کے دوران پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
