وزیر اعظم نریندرمودی نے لوگوں سے زور دے کر کہا ہے کہ وہ بھارت کو صاف ستھرا بنانے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کریں اور پلاسٹک کے بیگ کی جگہ کپڑے کے بیگ کا استعمال کرنے کا عہد کریں۔ آکاشوانی پر من کی بات پروگرام کے اپنے 98 ویں نشریہ میں ملک سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سووچھ بھارت ابھیان سے ملک میں عوامی شراکت داری کے معنی بدل گئے ہیں۔ اُنہوں نے ہریانہ کے ایک گاﺅں کے نوجوانوں کی صفائی ستھرائی مہم کا ذکر کیا جسے Dulhedi کہا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ان نوجوانوں نے شہر کے مختلف علاقوں سے اب تک کئی ٹن کوڑے کَرکٹ ہٹائے ہیں۔جناب مودی نے کہا کہ بیکار اشیاءاور سامان سے کارآمد اشیاءتیار کرنا بھی سووچھ بھارت ابھیان کا ایک اہم پہلو ہے۔اُنہوں نے اڈیشہ میں کیندرپاڑا ضلعے کے اپنی مدد آپ گروپ کی خواتین کی مثال پیش کی جو دودھ کی خالی تھیلیوں اور پلاسٹک کی دوسری تھیلیوں سے ٹوکریاں اور موبائل اسٹینڈ جیسا سامان بناتی ہیں۔جناب مودی نے کہا کہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ یہ اُن کی آمدنی کا ایک اچھا ذریعہ بھی ہے۔وزیر اعظم نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ ای سنجیونی ایپ کے ذریعہ ٹیلی مشاورت کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔ وزیر اعظم نے بھارت کی UPI کی طاقت پر فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ بہت سے ممالک اس کی طرف راغب ہورہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ حال ہی میں بھارت اور سنگاپور کے درمیان UPI-Pay Now Link کا آغاز کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ روایتی طریقوں کو پھر سے اختیار کریں جو نوجوانوں کو ملک کے سنہرے ماضی سے جوڑتے ہیں۔ سردار پٹیل کے یوم پیدائش – یوم اتحاد پر وزیر اعظم نے من کی بات پروگرام میں تین مقابلوں کا ذکر کیا تھا۔ یہ مقابلے ہیں گیت – حب الوطنی کے نغمے، Lullabies اور رنگولی۔ جناب مودی نے کہا کہ ملک کے 700 سے زیادہ اضلاع کے پانچ لاکھ سے زیادہ لوگوں نے جوش و خروش کے ساتھ اس میں حصہ لیا۔ 20 سے زیادہ زبانوں میں درخواستیں بھیجی گئی تھی۔ جناب مودی نے مقابلوں کے شرکاءکو مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم نے استاد بسم اللہ خان یووا پُرسکار کے بارے میں بھی بات کی، جو حال ہی میں دیئے گئے ہیں۔ یہ ایوارڈ موسیقی اور فنون لطیفہ کے شعبے میں اُبھرتے ہوئے اور باصلاحیت فنکاروں کو دیئے گئے۔ وزیر اعظم نے سبھی کو ہولی کی مبارکباد دی۔ اُنہوں نے صامعین سے کہا کہ وہ ووکل فور لوکل کے عزم کے ساتھ یہ تہوار منائیں۔