AMN
وزیراعظم نے ملک کے شہریوں سے پُر زور اپیل کی ہے کہ وہ ہر شعبے میں خود کفیل بنیں۔ جناب نریندر مودی نے آکاشوانی پر ’من کی بات‘ پروگرام میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی ہمہ جہت ترقی کےلئے آتم نربھر بھارت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے اس بات کا ذکر کیا کہ اس مہینے کے شروع میں ’آتم نربھر بھارت‘ ایپ اختراعی چیلنج میں ملک کے نوجوانوں نے کس طرح جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ مختلف زمروں میں تقریباً دو درجن ایپس کو ایوارڈ دیئے گئے اور اس کے نتیجے کافی اچھے رہے۔ جناب مودی نے لوگوں سے کہا کہ وہ اِن ایپس کے بارے میں جانکاری حاصل کریں اور خود کو ان سے جوڑیں۔ وزیراعظم نے ملک کی سیکورٹی میں ڈاگس کے رول کے بارے میں بھی بات کی۔ جناب مودی نے کہا کہ ملک میں این ڈی آر ایف کے پاس خاص طور پر تربیت یافتہ درجنوں ڈاگس ہیں جو زلزلے، عمارت کے گرنے کی صورت میں ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے لوگوں کا پتہ لگانے میں ماہر ہوتے ہیں۔وزیراعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ٹیچروں نے نہ صرف عالمی وباءسے پیدا چیلنجوں کو تسلیم کیا ہے بلکہ انہیں ایک موقع میں بدل دیا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ سال 2022میں بھارت اپنی آزادی کی 75ویں سالگرہ منائے گا اور یہ بات اہم ہے کہ ہماری آج کی نسلیں بھارت کی جدوجہد آزادی کے سُرماؤں سے واقف رہیں۔ وزیراعظم نے اس بات کو اجاگر کیا کہ بھارت کے تہوار کس طرح ماحولیات کے ساتھ منسلک ہیں۔
وزیراعظم نے بھارت کو کھلونے تیار کرنے کا دنیا کا بڑا مرکز بنانے کی خاطر مل کر کام کرنے پر بھی زور دیا انہوں نے کہا کہ نوجوان بھارت میں کمپیوٹر گیمز تیار کریں
جناب مودی نے اسٹارٹ اپس پر زور دیا کہ وہ بھارت کو کھلونے تیار کرنے کا بڑا مرکز بنانے کے لئے مل کر کام کریں اور کھلونے تیار کریں۔ انہوں نے مقامی کھلونوں کو بڑھاوا دینے کی ضرورت اجاگر کی اور کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ مقامی کھلونوں کو فروغ دینے کے لئے سرگرمی کے ساتھ کام کیا جائے۔
جناب مودی نے گھریلو صنعتوں، چھوٹی صنعتوں، بڑی صنعتوں اور پرائیویٹ صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ اس شعبے میں بھارت کی حصہ داری بڑھانے کی خاطر مل کر کام کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی میں بھی بچوں کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر کھلونوں کے اثرات پر کافی توجہ دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے ملک کے ہونہار نوجوانوں سے زور دے کر کہا کہ وہ ایسے کمپیوٹر گیمز بنائیں جو بھارت پر مبنی ہوں۔
کسانوں کے رول کی ستائش کی
وزیراعظم نے کورونا وباءکی آزمائش کی گھڑی میں کسانوں کے رول کی ستائش کی انہوں نے کہا کہ خریف کی فصلوں، دھان، دالوں اور موٹے اناج کی بوائی، سبھی میں اضافہ ہوا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ ایک بھارتیہ کرشی کوش بنایا جا رہا ہے جس میں ہر ضلعے میں فصلوں کی کاشت اور ان کی متعلقہ تغذیے کی اہمیت کے بارے میں پوری جانکاری ہوگی۔ جناب مودی نے تغذیے کی تحریک میں عوام کی شمولیت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک مخصوص خطے کے موسم کی مناسبت سے ایک متوازن اور تغذیے سے بھرپور کھانے کا خاکہ تیار کیا جانا چاہئے۔