AMN / WEB DESK
لداخ میں ایک المناک سڑک حادثے میں بھارتی فوج کے کم از کم 9 جوانوں کی موت ہوگئی اور ایک جوان شدید زخمی ہوا ہے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کل شام ان کی گاڑی سڑک سے پھسل کر ایک گہری کھائی میں جاگری۔ جس گاڑی کو حادثہ پیش آیا وہ لیہ سے نیما جارہی تھی اور یہ حادثہ کیاری گاﺅں سے 6 کلو میٹر پہلے پیش آیا۔
لیہہ کے دفاعی ترجمان کے مطابق مرنے والوں میں ٩ فوجی اور ایک جونیئر کمیشنڈ افسر شامل تھے۔ حادثے کا شکار یہ ٹرک، اس قافلے کا حصہ تھا جس میں ایک جپسی اور ایک ایمبولینس بھی شامل تھا۔ اِس قافلے میں کُل 34 فوجی جارہے تھے۔حادثے کے شکار ٹرک میں 10 فوجی سفر کررہے تھے، جن میں سے 8 کی موت ہوچکی ہے اور دو زخمی ہوئے تھے۔ لیہہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے بتایا کہ پولیس ٹیم کو جیسے ہی اِس حادثے کے بارے میں پتہ چلا وہ فوراً ہی جائے حادثے پر پہنچ گئی ہے۔ زخمی فوجیوں کو لیہہ میں فوجی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ایک فوجی اسپتال لے جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ حادثے کی جگہ پر راحت کارروائیاں جاری ہیں۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ اور وزیر اعظم نریندر مودی نے Leh میں ایک سڑک حادثے میں بھارتی فوج کے عملے کے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ایک پیغام میں صدر جمہوریہ اور نائب صدر جمہوریہ نے سوگوار کنبوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ انہیں Leh کے نزدیک حادثے پر بہت افسوس ہوا ہے جس میں بھارتی فوج کے جوان جاں بحق ہوئے ہیں۔ایک پیغام میں جناب مودی نے کہا کہ ملک و قوم کے تئیں ان کی عظیم خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی سوگوار کنبوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ایک پیغام میں جناب سنگھ نے کہا کہ لوگ ملک کے تئیں بہادر فوجیوں کی مثالی خدمات کو کبھی بھی نہیں بھلاسکیں گے۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے اِس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم دکھ کی اِس گھڑی میں سوگوار کنبوں کے ساتھ ہے۔انہوں نے اِس حادثے میں زخمیوں کی جلد سے جلد صحتیابی کیلئے دعا کی