AMN / MUMBAI
دادر میں واقع ’چیتیہ بھومی‘ پر راہل نے ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا ،یاترا جہاں جہاں سے بھی گزری عوام نے پرجوش استقبال کیا ،آج شیواجی پارک میں ریلی
ملک میں بڑھتی ہوئی نفرت کے خلاف اور آئین کے تحفظ کے لئے’’ نفرتیں چھوڑو ، بھارت جوڑو‘‘ کے نعرے کے ساتھ ۱۴؍ جنوری ۲۰۲۴ء کو منی پورکی راجدھانی امپھال سے شروع کی گئی راہل گاندھی کی بھارت جوڑونیا ئےیاترا۶۳؍ روز کے سفر کے بعد سنیچرکو ممبئی میں چیتیہ بھومی ( دادر) پر ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی یادگارپر ختم ہوئی۔ اختتامی تقریب میں راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور کانگریس کے متعدد لیڈروں نے چیتیہ بھومی پر آئین کی تمہید پڑھی اور قومی ترانے کے بعد یاترا کا اختتام کیا۔ اس موقع پر ملک کے آئین کو ہر قیمت پرمحفوظ رکھنے کا عزم بھی کیاگیا۔ یہاں بھارتجوڑویاترا کا لیزر شو بھی پیش کیا گیا ۔ چیتیہ بھومی انتظامیہ کی جانب سے راہل گاندھی کو آئین کی کاپی بطور تحفہ دی گئی۔اس موقع پر مہاراشٹر کے انچارج رمیش چنیتھلا، ریاستی صدر نانا پٹولے، اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار، بالا صاحب تھورات، ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ اور دیگر لیڈران موجود تھے۔
نیائے یاترااپنےآخری دن یعنی سنیچر کو ممبرا سے شروع ہوکر کلوا، تھانے، ملنڈ چیک ناکہ، آر سٹی مال(گھاٹکوپر)، فیونکس مال، بابا فالودہ، کرلا ڈپو ، کرلا کورٹ ، ۹۰؍ فٹ روڈ(دھاراوی)، کٹریا مارگ، شوبھا ہوٹل اورشیو سینا بھون( دادر)کے قریب سے گزرتے ہوئے چیتیہ بھومی پہنچی ۔ اس دوران استقبال کیلئے جگہ جگہ راہل گاندھی کے کٹ آؤٹ اور یاترا کے بڑے بڑے بینر اور پوسٹر لگائے گئے تھے۔ ممبئی میں داخل ہونے کے بعد خاص طور پر کرلا ویسٹ کے علاقے میں راہل گاندھی کا پرجوش خیرمقدم کیا گیا۔ یہاں بابا فالودہ سے لے کر کرلا کورٹ تک عوام جم غفیر موجود تھا جس نے راہل پھر پھولوں کی برسات کی ۔ راہل گاندھی اپنی اوپن لال جیپ میں کھڑے ہوکر جن جن علاقوں سے بھی گزرے وہاں وہاں عوام نے ان کا استقبال کیا۔ اس دوران کئی شہریوں نے انہیں شال بھی پیش کی اور یاترا کے لئے مبارکباد دی۔ حالانکہ جن علاقوں سے نیائے یاترا گزرہی تھی وہاں کی سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا تھا لیکن ان علاقوں کے لوگوں نے خندہ پیشانی سے اس پریشانی کو قبول کیا۔ امکان تھا کہ دھاراوی میں ۹۰؍ فٹ روڈ سے گزرتے وقت وہ عوام سے خطاب کریں گے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ یہاں انہیں دیکھنے کے لئے بھاری بھیڑ امڈ پڑی تھی ۔ امید ہے کہ اب راہل گاندھی دھاراوی کے موضوع پر اتوار کو شیواجی پارک پر ہونے والے عظیم الشان جلسہ عام میں لب کشائی کریں گے ۔ واضح رہے کہ یہ جلسہ عام انڈیا اتحاد کی جانب سے لوک سبھا انتخابات کا بگل بجانے کے لئے بلایا گیا ہے جس میں انڈیا اتحاد کے تمام اتحادی لیڈران کے شامل ہونے کی توقع ہے۔
بھارت جوڑو یاترا کے تعلق سے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے تھانے میں ٹپ ٹاپ پلازہ میں پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کہا کہ بی جےپی ملک کے آئین کو تبدیل کرناچاہتی ہے۔ اسی لئے ہم ایک واضح پیغام دینے کیلئے آئین کے بانی ڈاکٹر امبیڈکرکی یادگار چیتیہ بھومی پریاترا کا اختتام کررہے ہیں۔ اس دورانجب نمائندہ ٔانقلاب نے یہ سوال کیاکہ الیکشن کے دوران بی جے پی کی جانب سے فرقہ پرستی کا جو کارڈ کھیلا جاتا ہےاس کا کانگریس کے پاس کیا توڑ ہے؟ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہاکہ اب عوام سمجھدار ہو گئے ہیں۔ وہ فرقہ پرستوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔