جاپان کے کاروباری اداروں کے ایک جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے باعث تقریباً 500 کمپنیاں دیوالیہ ہو چکی ہیں۔ پہلا کیس فروری میں ہوا تھا۔
کریڈٹ ریسرچ کے ادارے تیکوکُو ڈیٹا بینک کے مطابق گزشتہ جمعہ تک دیوالیہ ہونے والی کمپنیوں کی تعداد 489 تھی۔ ان میں قانونی تحفظ کے لیے درخواست دینے والی کمپنیاں اور کام بند کرنے کے بعد قانونی تحلیل کے عمل کا آغاز کرنے والی کمپنیاں شامل ہیں۔
دیوالیہ ہونے والی سب سے زیادہ کمپنیاں ریستوران کے شعبے کی ہیں۔ اس کے بعد قیام کی سہولت فراہم کرنے والا شعبہ یا ہوٹل انڈسٹری ہے۔ تیسرے نمبر پر ملبوسات کی خوردہ فروش کمپنیاں ہیں۔
ایک اور ادارے ٹوکیو شوکو ریسرچ نے جولائی سے اگست کے دوران چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں کا جائزہ لیا۔ جواب دینے والی 8.5 فیصد کمپنیوں نے کہا کہ اگر کورونا کی وباء جلد ختم نہ ہوئی تو انہیں اپنا کاروبار بند کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایک تخمینے کے مطابق جاپان بھر میں چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں کی تعداد کوئی 36 لاکھ ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ 3 لاکھ سے زائد کمپنیوں کو بند ہونے کے خطرے کا سامنا ہے۔
NHK