AMN / WEB DESK

وزیر اعظم نریندر مودی امریکہ اور مصر کے اپنے 6 روزہ دورے کو مکمل کرکے کل رات نئی دلّی واپس آگئے۔ اپنے دورے میں وزیر اعظم نے دو ملکوں کے ساتھ سنگِ میل کی حیثیت رکھنے والے بہت سے معاہدوں پر دستخط کئے۔ جناب مودی کا پالم ہوائی اڈے پر BJP کے قومی صدر جے پی نڈا، خارجی امور کی وزیر مملکت میناکشی لیکھی اور پارٹی کے دیگر ارکانِ پارلیمنٹ نے خیر مقدم کیا۔ وزیر اعظم نے 20 جون کو امریکہ کا دورہ شروع کیا تھا اور نیویارک میں انھوں نے 21 جون کو یوگ کے نویں بین الاقوامی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں ایک تاریخی تقریب کی قیادت کی تھی۔ 

اِس دورے میں بہت سے بڑے معاہدے کئے گئے، جن کا مقصد دفاع، خلا اور تجارت، جیسے بنیادی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا تھا۔ وزیر اعظم مودی امریکہ کے اپنے دورے کے بعد ہفتے کو قاہرہ پہنچے تھے اور ہوائی اڈے پر اُن کا استقبال مصر کے وزیراعظم مصطفی مدبولی نے کیا تھا۔ مصر کے اپنے دورے میں وزیر اعظم نے قاہرہ میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے دوطرفہ بات چیت کی۔ دونوں رہنماو ¿ں نے دونوں ملکوں کے درمیان کلیدی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے طور طریقوں پر تبادلہ ¿ خیال کیا۔ صدر السیسی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو، مصر کے اعلیٰ ترین سرکاری اعزاز Order of the Nile سے سرفراز کیا۔ یہ 13واں اعلیٰ ترین سرکاری اعزاز ہے، جو دنیا کے مختلف ملکوں نے جناب مودی کو دےئے ہیں۔

وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت اور امریکہ کے درمیان دوستی عالمی سطح پر خوشحالی کیلئے ایک طاقت کی حیثیت رکھتی ہے اور یہ کرہ ¿ ارض کو بہتر اور پائیدار بنائے گی۔ امریکی صدر جوبائیڈن کے ایک ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے جناب مودی نے کہاکہ امریکہ کے اُن کے حالیہ دورے کے دوران جن موضوعات کا احاطہ کیا گیا، اُن سے یہ رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔ صدر بائیڈن نے ٹوئٹ کیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی پوری دنیا میں سب سے سودمند ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ اِس میں پہلے سے زیادہ مضبوطی، قربت اور جوش ہے۔ ایک علیحدہ ٹوئٹ میں وزیراعظم مودی نے کہاکہ مصر کا اُن کا دورہ ایک تاریخی دورہ تھا، جس سے بھارت اور مصر کے درمیان تعلقات کو نئی بلندی حاصل ہوگی اور دونوں ملکوں کے عوام اِس سے مستفید ہوں گے۔ 

اُنہوں نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، حکومت اور مصر کے عوام کے تئیں اُن کی محبت کیلئے اظہارِ تشکر کیا۔