امریکہ کی ایرو اسپیس کی سرکردہ کمپنی GE ایرو اسپیس نے، بھارت کے ایرو اسپیس کمپنی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔ اس کا مقصد بھارتی فضائیہ کے لیے لڑاکا جیٹ انجن تیار کرنا ہے۔ یہ اہم فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب وزیر اعظم نریندر مودی امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔ سمجھوتے کے مطابق GE ایرو اسپیس کے F414 انجن بھارتی فضائیہ کے ہلکے لڑاکا طیارے MK2 میں نصب کرنے کے لیے، ملک میں معاون طور پر تیار کیے جائیں گے۔ GE ایرو اسپیس کے مطابق آٹھ F414 انجن، ایل سی اے MK2 کے لیے جاری ترقیاتی پروگرام کے حصے کے طور پر فراہم کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں GE، ایڈوانس میڈیم لڑاکا طیارے MK2 کے انجن پروگرام سے متعلق بھارتی حکومت کے ساتھ، تعاون جاری رکھے گی۔ GE کے چیئرمین اور چیف ایگزیکیٹیو آفیسر اور GE ایرو اسپیس کے CEO ایچ لارینس کَلپ نے یہ کہتے ہوئے اسے ایک تاریخی سمجھوتہ قرار دیا کہ ایسا بھارت اور HAL کے ساتھ طویل مدّتی شراکت کے باعث ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی، صدر جو بائیڈن اور وزیر اعظم نریندر مودی کے دونوں ملکوں کے درمیان قریب تر تعاون کے ویژن کو آگے بڑھانے کے لیے کردار ادا کرنے میں فخر محسوس کرتی ہے۔×