صدر ٹرمپ نے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے سے متعلق اطلاع اپنی ایک ٹوئٹ کے ذریعے دی۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اُن کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد دونوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ دوسری جانب جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ جل بائیڈن نے بھی جمعے کے روز کرونا ٹیسٹ کروایا جو ان کے معالج کے مطابق منفی آیا۔
سابق نائب صدر جو بائیڈن کی مہم نے جمعے کو علی الصبح بتایا تھا کہ جو بائیڈن بھی اپنا کرونا ٹیسٹ کروا رہے ہیں۔ کچھ دیر پہلے جو بائیڈن کے معالج ڈاکٹر کیون او کانر کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان کا اور ان کی اہلیہ کا ٹیسٹ نیگیٹو رہا۔
ڈاکٹر کانر نے بیان میں کہا ہے کہ میں جو نائب صدر جو بائیڈن اور ان کی شریک حیات ڈاکٹر بائیڈن کے پرائمری فزیشن کی حیثیت سے اطلاع دے رہا ہوں کہ دونوں کے کرونا ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے جمعرات اور جمعے کے درمیان تقریبا نصف شب کو اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اُن کا اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد وہ فوری طور پر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔ انہوں نے پر عزم انداز میں کہا ہے کہ وہ اس مرحلے سے آسانی سے گزر جائیں گے۔
امریکی صدر کا کرونا ٹیسٹ ایسے موقع پر مثبت آیا ہے جب وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسوں میں شرکت کر رہے ہیں۔
منگل کو انہوں نے ریاست اوہائیو میں پہلے صدارتی مباحثے میں شرکت کی تھی جس کے بعد بدھ کو صدر ٹرمپ نے منی سوٹا میں انتخابی ریلی سے خطاب بھی کیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے جمعے کو اپنا ٹیسٹ مثبت آنے سے متعلق ٹوئٹ سے دو گھنٹے قبل ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ اُن کی مشیر ہوپ ہکس کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے بھی ٹیسٹ کرایا ہے جس کے نتیجے کے وہ منتظر ہیں۔