رابعہ شیخ
دنیا کے بیشتر ممالک میں ’کافی‘ کو چائے پر فوقیت دی جاتی ہے۔ ایک سروے کے مطابق دنیا بھر میں روزانہ کافی کے ڈیڑھ ارب سے زائد کپ پیے جاتے ہیں اور یہ یورپ کا سب سے زیادہ پیا جانے والا مشروب بھی ہے۔ ہندوستان میں لوگوں کی اکثریت چائے کی دلدادہ ہے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ کافی پینے کے رجحان میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ مختلف تحقیقات سے یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ یہ دونوں مشروبات صحت پر مثبت اثرات ڈالتے ہیں لیکن یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ کسی بھی اشیاء کا حد سے زیادہ استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے، لہٰذا ان مشروبات کو اعتدال میں پینا زیادہ بہتر ہے۔ویسے تو کافی کی تاریخ کافی پرانی ہے لیکن دور جدید میں مختلف قسم کی کافی مصنوعات تیار کرنے کے باعث اٹلی دنیا بھر میں مشہور ہے۔
کافی پینے کے شوقین افراد کی بڑی تعداد کافی کی ایک قسم کیپا چینو (Cappuccino) پینے کی شیدائی ہے، جسے کافی اور دودھ کی یکساں آمیزش کے ذریعے تیار کیا جاتا ہے۔ سردیوں کے آغاز سے ہی کافی پینے کے شوقین افراد کی بڑی تعداد کیفے کا رُخ کرتی ہے اور کافی کے مختلف اور بہترین ذائقوں سے لطف اندوز ہوتی ہے۔ ریستورانوں میں بھی کسٹمرز کی بڑی تعداد کھانے کے بعد کیپا چینو کا انتخاب کرتی دکھائی دیتی ہے۔ کافی کے فوائدکھانے پینے کی اشیا اگر دیکھنے میں بھلی لگیں اور ذائقے میں بھی لذیذ ہوں مگر وہ صحت کے لیے فائدے سے زیادہ نقصان کا باعث بنیں تو لوگ انھیں کھانے یا پینے کے بارے میں ہچکچاہٹ اور کنفیوژن کا شکار رہتے ہیں۔ کافی پینے کے شوقین افراد کے لیے یہ بات خوش آئند ہے کہ کافی اگر اعتدال میں پی جائے تو اس کے کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ یہ جتنی ذائقہ دار ہوتی ہے، اتنی ہی فائدہ مند بھی ہے، آئیے اس بارے میں جانتے ہیں۔ برطانوی طبی ماہرین کے مطابق روزانہ 3سے 5 کپ کافی پینے سے جگرکے کینسر یا اس کے کام نہ کرنے کا خطرہ 40فیصدتک کم ہوجاتا ہے۔ ڈچ نامی سائنسدان کا کہنا ہے کہ کافی اور ہربل چائے کا استعمال جگر کی بیماری ’سروسس‘ (Cirrhosis) سے بچاتا ہے۔ یہ بیماری جان لیوا بھی ثابت ہوتی ہے۔کافی کے اندر کیفین نامی ایک مادہ ہوتا ہے جوکہ دماغ کی کارکردگی بڑھاتا ہے۔
کافی پینے سے ذہن کے خلیات کو نشوو نما ملتی ہے، وہ زیادہ توانائی پیدا کرتے ہیں جس سے ذہن صحت مند اور توانا رہتا ہے۔ کافی سے ذہن کو پہنچنے والے چند فوائد میں یادداشت بہتر ہونا اور ردعمل میں تیزی آنا شامل ہے۔ہارورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق دن بھر میں کافی کے چار یا اس سے زائد کپ پینے والی خواتین میں ڈپریشن ہونے کے امکانات 20فیصد تک کم ہو جاتے ہیں۔ طبی ماہرین کے نزدیک کافی پینے والے دمے، سانس میں خرخراہٹ اور سانس کی دیگر تکالیف سے محفوظ رہتے ہیں۔اس میں موجود کیفین میں سانس کی بیماریاں دور کرنے کی حیرت انگیز صلاحیت ہوتی ہے۔
امریکن کالج آف فزیشنز میں کافی پر کی گئی ایک تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ کافی استعمال کرنے والے مردوں کی عمر میں 20 فیصد جبکہ خواتین کی عمر میں 26فیصد اضافہ ہوتا ہے۔’کافی آرٹ‘پریزنٹیشندنیا بھر کے ریستوران اور عالیشان ہوٹلوں میں جتنے جتن مختلف اور نت نئے ذائقوں کومتعارف کروانے کے لییکئے جاتے ہیں، اتنے ہی جتن گاہکوں کو متاثر کرنے کے لیے کھانے کی پریزنٹیشن منفرد بنانے کیلئے بھی کیے جاتے ہیں۔ ایک شیف کے لیے مزے دار ڈشز بنانے کے ساتھ اسے بہترین طریقے سے پیش کرنا بھی اتنا ہی اہم ہوتا ہے، جتنا کہ اسے بنانے کا عمل کیونکہ اگر چیز دیکھنے میں بھلی لگے گی تو پھر ذائقے میں بھی یقیناً اچھی ہوگی۔کافی آرٹ بھی کافی پینے والوں کو متاثر کرنے کا ایک انداز ہے۔ آپ نے بھی سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر کافی آرٹ کی کئی منفرد ویڈیوز یا تصاویر دیکھی ہوں گی، جو دنیا بھر میں خاصی مقبول ہیں۔ اس حوالے سے آرٹسٹوں کی رائے ہے کہ عام طور پرکا فی پیناجہاں ایک پسندیدہ عمل تصور کیا جا تا ہے، اگر وہیں کپ میں کافی کے اوپر خوبصورت تصاویر اور آرٹ کے نمونے بھی نظر آئیں تو اسے پینے کا لطف دوبالا ہوجا تا ہے۔ آرٹ ورک کے طور پر میٹل راڈ اور فوڈ کلرز کی مدد سے کارٹون کردار، قدرتی مناظراور دیگر اشکال سمیت آرٹ کے منفرد ڈیزائن کافی کی اوپری سطح پر تخلیق کیے جارہے ہیں، جنہیں دیکھنے والے حیرت میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔(اے ایم این)