ٹوئٹر پر اب دو گھنٹے تک کی ویڈیو اپ لوڈ کر سکیں گے
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر نے معاوضہ دے کر سبسکرپشن حاصل کرنے والے اپنے صارفین کو سہولتیں دینی شروع کر دی ہیں۔ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے کو اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ اب ٹوئٹر پر معاوضہ ادا کر کے بلیو ٹک حاصل کرنے والے صارفین دو گھنٹے تک کی ویڈیو اپ لوڈ کرسکیں گے۔اس سے قبل پیڈ سبسکرائبرز پلیٹ فارم پر 60 منٹ تک کی ویڈیو اپ لوڈ کر سکتے تھے۔امریکی ٹیک ویب ساٹ ‘ٹیک کرنچ’ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر نے اپنے پیڈ سبسکرائبرز کے لیے دو جی بی کے بجائے آٹھ جی بی تک کی فائل اپ لوڈ کرنے کی سہولت متعارف کرائی ہے۔اس کے علاوہ صارف 1080 پکسلز تک کی ویڈیو کوالٹی پر مشتمل ویڈیو شیئر کر سکتے ہیں۔یہی نہیں ٹوئٹر پر طویل ویڈیو اپ لوڈ کرنے کا یہ فیچر پہلے صرف ویب صارفین کے لیے تھا لیکن اب یہ آئی او ایس ایپ صارفین کے لیے بھی ممکن ہے۔البتہ ٹوئٹر کے نان پیڈ سبسکرائبرز پلیٹ فارم پر صرف 140 سیکنڈز کی ویڈیو ہی اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ ٹوئٹر نے حال ہی میں سبسکرپشن حاصل نہ کرنے والے صارفین کے بلیو ٹک ختم کیے ہیں جس کے بعد اب صرف ان صارفین کو زیادہ سہولتیں دی جا رہی ہیں جو معاوضہ ادا کر رہے ہیں۔’ٹیک کرنچ’ کے مطابق طویل ویڈیو کے اس فیچر سے ‘آل ان پوڈکاسٹ’ جیسے شوز کو فائدہ پہنچے گا جو اب اپنے شوز کی اقساط ٹوئٹر پر اپ لوڈ کرسکیں گے۔ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے حال ہی میں ٹوئٹر کی نئی سی ای او کا اعلان کیا تھا اورہ اس خواہش کا اظہار بھی کرتے رہے ہیں کہ وہ ٹ
وئٹر کو ‘ایوری تھنگ ایپ’ بنانا چاہتے ہیں جو دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا مقابلہ کر سکے۔
۲
چین کا 2030 سے پہلے اپنے خلاباز چاند پر اتارنے کا اعلان
چین 2030 سے پہلے چاند کی سطح پر انسان اتارنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اپنے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے وہ تیزی سے اپنے خلائی پروگرام کو وسعت دے رہا ہے۔چین کے بڑھتے ہوئے خلائی عزائم 1960 اور 1970 کی دہائی کی یادیں تازہ کرتے ہیں جب امریکہ اور اس دور کے سوویت یونین کے درمیان ایسے میں خلائی مسابقت جاری تھی جب دونوں ملکوں کے درمیان شدید کشیدگی پائی جاتی تھی۔پچاس برس کے بعد آج کے منظر نامے پر بھی وہی صورت حال دکھائی دے رہی ہے۔ آج خلائی دوڑ میں چین امریکہ کے ایک ایسے ماحول میں مدمقابل ہے جب کہ معیشت، سائنس، دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دنیا کی ان دو بڑی معیشتوں کے درمیان تناؤ بڑھ رہا ہے۔ امریکہ خلائی تحقیق میں کئی ملکوں کیساتھ تعاون کر رہا ہے اور ان کے خلابازوں اور سائنس دانوں کو زمین کے مدار میں گردش کرنے والے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں قیام اور تجربات کرنے کی اجازت دے رہا ہے، جب کہ چین پر اس نے ان خدشات کے پیش نظر اپنے دروازے بند کر رکھے ہیں کہ اس کے خلائی پروگرام کو فوج کنٹرول کرتی ہے۔چین نے حالیہ برسوں میں خلائی تحقیق کے اپنے پروگرام کو تیزی سے ترقی دی ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں اس نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے مقابلے میں زمین کے مدار میں اپنا ایک خلائی اسٹیشن مکمل کیا جہاں گزشتہ چھ ماہ سے تین چینی خلاباز تجربات کر رہے ہیں اور منگل کے روز تین نئے چینی خلاباز ان کی جگہ لینے کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔
چین کی خلائی ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر لن ژیکیانگ نے پیر کے روز ایک نیوز کانفرنس میں ان تین خلابازوں کو متعارف کرایا جو خلائی اسٹیشن میں پہلے سے موجود عملے کی جگہ لیں گے۔انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ چین کا خلائی اسٹیشن تیانگونگ مکمل خلائی اسٹیشن ہے جو ہمارے مقاصد کی تکمیل کے لیے کافی ہے۔تاہم تیانگونگ، بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے مقابلے میں کافی چھوٹا ہے۔ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن 16 حصوں پر مشتمل ہے جب کہ تیانگونگ کے صرف تین حصے ہیں۔
۳
ریڈمی نوٹ سیریز کے سستے فون
چینی موبائل کمپنی ’شیاوء می‘ نے اپنے معروف برانڈ ’ریڈمی‘ کے نوٹ سیریز کے تینوں فونز کو پیش کردیا، جنہیں مناسب قیمت کے اب تک کے بہترین ریڈمی فونز قرار دیا جا رہا ہے۔شائقین کو طویل عرصے سے ’ریڈمی نوٹ 12‘ سیریز کے فونز کا انتظار تھا اور کمپنی نے پہلی بار اپنے موبائل میں 200 میگا پکسل کا کیمرا بھی متعارف کرادیا۔نوٹ سیریز کے تینوں فونز کی قیمت مناسب رکھی گئی ہے اور سب سے مہنگے فون کی قیمت پاکستانی 84 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔کمپنی نے اس فون کو 67۔6 انچ کی ایمولیڈ اسکرین کے ساتھ پیش کیا ہے اور اس کے سی پی یو اور چپ کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔اسنیپ ڈریگن 4 جنریشن ون کی چپ کے حامل اس فون میں اینڈرائیڈ 12 کے آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ ایم آئی یو آئی 13 کو بھی شامل کیا گیا ہے۔اس فون کو مختلف ماڈیولز یعنی 4، 6 اور 8 جی بی ریم اور 128 اور 256 انٹرنل میموریز کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔فون کے بیک پر دو کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جب کہ دوسرا کیمرا 2 میگا پکسل کا ہے اور اس میں آٹو فوکس سینسر ٹیکنالوجی کو اپگریڈ کردیا گیا ہے۔فون کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے، اس میں 5000 ایم اے ایچ کی بیٹری اور 33 واٹ کا چارجر دیا گیا ہے جب کہ اس کے سائیڈ میں فنگر پرنٹ بھی دیا گیا ہے۔