Last Updated on January 17, 2026 1:20 am by INDIAN AWAAZ
کسی نے مجھے قائل نہیں کیا، ایران پر حملہ نہ کرنے کیلئے میں نے اپنے آپ کو قائل کیا: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملہ نہ کرنے کے فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی نے انہیں ایران پر حملہ نہ کرنے کے لیے قائل نہیں کیا۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے ٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا عرب اور اسرائیلی حکام نے آپ کو ایران پر حملہ نہ کرنے کے لیے قائل کیا؟
اس کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ کسی نے مجھے قائل نہیں کیا، میں نے خود اپنے آپ کو قائل کیا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ گزشتہ ایران میں 800 افراد کو پھانسی دی جانی تھی لیکن کسی کو پھانسی نہیں دی گئی، اس کا بہت بڑا اثر پڑا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کی قدر کرتے ہیں کل جن افراد کو پھانسیاں دی جانی تھیں اب ایرانی قیادت انہیں پھانسی نہیں دی گی۔
گزشتہ روز امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے دعویٰ کیا تھا اسرائیل کے وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایران پر ممکنہ امریکی فوجی حملہ مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے بدھ کے روز صدر ٹرمپ سے بات کی، اسی روز امریکی صدر نے یہ بیان دیا کہ انہیں ’دوسری جانب سے انتہائی اہم ذرائع‘ سے معلومات ملی ہیں جن کے مطابق ایران میں مظاہرین کی ہلاکتیں رک گئی ہیں اور مظاہرین کی سزائے موت پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔
اس سے قبل برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے کا فیصلہ آخری لمحوں میں تبدیل کیا۔
پٹنہ کے گرلز ہاسٹل میں کی طالبہ سے زیادتی کے بعد قتل، پوسٹ مارٹم سے ہنگامہ
پٹنہ/جہان آباد، 16 جنوری:
پٹنہ کے شمبھو گرلز ہاسٹل میں مردہ پائی جانے والی NEET کی تیاری کر رہی طالبہ کے معاملے میں چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں طالبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کی تصدیق کے بعد پورے بہار میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ اس انکشاف نے پولیس کی ابتدائی تفتیش اور خودکشی کے دعوے پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
پولیس کے مطابق میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں ویڈیوگرافی کے ساتھ پوسٹ مارٹم کیا گیا، جبکہ رپورٹ کو ایمس پٹنہ دوسری طبی رائے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ علاج سے وابستہ تمام ڈاکٹروں کے بیانات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔
ثبوتوں سے چھیڑ چھاڑ کے خدشے کے پیش نظر پولیس نے ہاسٹل کے وارڈن منیش رنجن کو گرفتار کر لیا ہے۔ شمبھو گرلز ہاسٹل کو سیل کر دیا گیا ہے اور تمام طالبات کو وہاں سے منتقل کر دیا گیا ہے۔ تفتیش کا دائرہ پٹنہ سے آگے بڑھاتے ہوئے جہان آباد ضلع تک پھیلا دیا گیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی جا چکی ہے۔
طالبہ کے والد نے ہاسٹل سے وابستہ افراد پر زیادتی اور قتل کا الزام عائد کیا ہے۔ اس سے قبل پولیس نے کمرے سے نیند کی گولیاں ملنے کی بنیاد پر خودکشی کا خدشہ ظاہر کیا تھا، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زخموں اور ناخنوں کے نشانات ملنے کے بعد یہ دعویٰ مشکوک ہو گیا ہے۔
اس واقعے کے بعد عوامی غصہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ حالیہ دنوں میں احتجاج کے دوران پولیس نے لاٹھی چارج کیا، جس کے بعد ہاسٹل میں توڑ پھوڑ اور آتش زنی کے واقعات پیش آئے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اس سلسلے میں الگ مقدمہ درج کیا ہے۔
ادھر جن سوراج کے رہنما پرشانت کشور نے جہان آباد میں متاثرہ خاندان سے ملاقات کر کے مکمل اور غیر جانبدار تفتیش کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے پولیس پر جلد بازی اور اہل خانہ پر دباؤ ڈالنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انصاف ملنے تک کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
