Last Updated on December 29, 2025 12:50 am by INDIAN AWAAZ


BY MUNAWAR KHAN / NANDED

راج اُردو پرائمری اسکول، محمدیہ کالونی، مال ٹیکڑی روڈ، ناندیڑ میں سائنس نمائش کا شاندار اور منظم انعقاد عمل میں آیا۔
اس تعلیمی و سائنسی نمائش کا باقاعدہ افتتاح اسکول کے صدر مدرس محمد صابر عرف بابو راج نے ربن کاٹ کر کیا۔

نمائش میں اسکول کے طلبہ و طالبات نے سائنس کے مختلف اور منفرد ماڈلز پیش کیے، جن میں طبیعیات، کیمیاء، حیاتیات، ماحولیاتی تحفظ، توانائی کے ذرائع اور روزمرہ زندگی میں سائنس کے استعمال سے متعلق ماڈلز شامل تھے۔
طلبہ نے نہ صرف ماڈلز تیار کیے بلکہ آنے والے مہمانوں، اساتذہ اور دیگر طلبہ کو ان ماڈلز کے ذریعے سائنسی اصولوں کی آسان اور مؤثر انداز میں وضاحت بھی کی۔

اس موقع پر طلبہ کے والدین، سرپرستوں کی کثیر تعداد موجود تھے ، جنہوں نے طلبہ کی صلاحیتوں اور محنت کو سراہا۔
نمائش کے دوران والدین نے بچوں کے اعتماد، گفتگو کے انداز اور سائنسی معلومات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔

اس سائنس نمائش کو کامیاب بنانے میں اسکول کے اساتذہ کا کردار قابلِ ستائش رہا، جنہوں نے طلبہ کی رہنمائی کرتے ہوئے دن رات محنت کی اور بچوں کو عملی تعلیم کی جانب راغب کیا۔
اساتذہ کی مسلسل کوششوں کے باعث طلبہ میں سیکھنے کا جذبہ اور تحقیق کا شوق نمایاں طور پر نظر آیا۔

آخر میں صدر مدرس محمد صابر عرف بابو راج نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ کی ذہنی نشوونما کے لیے بے حد ضروری ہیں اور اس سے بچوں میں سائنسی شعور، خود اعتمادی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ ملتا ہے۔
انہوں نے اساتذہ، طلبہ اور والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔