Last Updated on December 28, 2025 1:43 pm by INDIAN AWAAZ

AMN / NEW DELHI
وزیر اعظم نریندر مودی نے آکاشوانی پر اپنے سال کے آخری پروگرام من کی بات میں سال 2025 کو بھارت کے لیے اعتماد، کامیابیوں اور ثقافتی فخر سے بھرپور قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی سے لے کر کھیل، سائنس، خلا اور عالمی پلیٹ فارم تک بھارت نے ہر شعبے میں اپنی مضبوط پہچان بنائی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تمل اور کنڑ زبانوں کے تحفظ اور فروغ کو بھارت کی قدیم اور شاندار وراثت کی علامت بتایا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 2025 نے ایسے کئی لمحات دیے جن پر ہر بھارتی کو فخر ہے۔ انہوں نے ’آپریشن سندور‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھارت کے عزم اور سلامتی کی پالیسی کی علامت بن گیا ہے اور دنیا نے دیکھ لیا کہ آج کا بھارت اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا۔
انہوں نے وندے ماترم کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں دکھائی دینے والے جوش و خروش کی تعریف کی اور #VandeMataram150 مہم میں عوام کی بھرپور شرکت پر خوشی ظاہر کی۔ ان کے مطابق یہ آزادی کی جدوجہد اور قومی علامتوں سے عوام کی گہری وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔
کھیلوں کے میدان میں کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی مرد کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی جبکہ خواتین ٹیم نے پہلی بار عالمی کپ جیت کر تاریخ رقم کی۔ انہوں نے ویمنز بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کی بیٹیوں کی فتح اور عالمی چیمپئن شپ میں تمغے جیتنے والے پیرا ایتھلیٹس کی بھی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ ٹی20 میں بھی ترنگا فخر سے لہراتا رہا۔
سائنس اور خلا کے شعبے میں بڑی کامیابیوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے بھارتی بنے، جو ملک کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختراع اور ٹیکنالوجی میں بھارت کی ترقی نے دنیا کو متاثر کیا ہے۔
ثقافت اور عقیدے کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ پریاگ راج مہاکمبھ اور ایودھیا میں رام مندر کی دھوجاروہن تقریب نے پورے ملک کو فخر سے بھر دیا۔ انہوں نے سوَدیشی کے بڑھتے رجحان پر بھی اطمینان ظاہر کیا اور کہا کہ لوگ اب وہی مصنوعات خرید رہے ہیں جن میں بھارتی مٹی کی خوشبو اور محنت کی جھلک ہو۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے تمل اور کنڑ زبانوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے فجی میں تمل زبان کو فروغ دینے کی کوششوں کی تعریف کی جہاں راکی راکی کے ایک اسکول میں پہلی بار تمل ڈے منایا گیا۔ اس موقع پر بچوں نے تمل میں نظمیں سنائیں، تقاریر کیں اور اپنی ثقافت کو اعتماد کے ساتھ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمل زبان کی عالمی اہمیت کا ثبوت ہے۔
ملک کے اندر تمل کے فروغ کے لیے انہوں نے وارانسی میں منعقد ہونے والے چوتھے کاشی تمل سنگمم کا حوالہ دیا، جس سے شمال اور جنوب بھارت کے درمیان ثقافتی رشتہ مضبوط ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ’لرن تمل – تمل کرکلم‘ مہم کے تحت وارانسی کے 50 سے زائد اسکولوں میں خصوصی پروگرام منعقد کیے گئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تمل دنیا کی قدیم ترین زبانوں میں سے ایک ہے اور اس کا ادب بے حد مالا مال ہے۔
کنڑ زبان کے تحفظ کے لیے انہوں نے دبئی کے کنڑ پاٹھ شالے کا ذکر کیا جہاں ایک ہزار سے زیادہ بچے کنڑ پڑھنا، لکھنا اور بولنا سیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوششیں ظاہر کرتی ہیں کہ بیرون ملک مقیم بھارتی جدید زندگی کے ساتھ ساتھ اپنی جڑوں سے جڑے ہوئے ہیں۔
نوجوانوں کی شمولیت پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اگلے مہینے قومی یومِ نوجوان پر وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ کا دوسرا ایڈیشن منعقد ہوگا۔ اس سے متعلق کوئز میں پچاس لاکھ سے زائد نوجوانوں نے حصہ لیا، جبکہ مضمون نویسی مقابلے میں تمل ناڈو پہلے اور اتر پردیش دوسرے نمبر پر رہا۔
انہوں نے اسمارٹ انڈیا ہیکاتھون 2025 کی بھی ستائش کی، جس میں طلبہ نے ٹریفک مینجمنٹ، سائبر سیکیورٹی اور ڈیجیٹل فراڈ جیسے حقیقی مسائل کے حل پیش کیے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے پلیٹ فارمز پر بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
تاریخ اور وراثت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کے بارہمولا میں دریافت ہونے والے قدیم بدھ اسٹوپاؤں کی بات کی جو کشمیر کے تقریباً دو ہزار سال پرانے شاندار ماضی کی یاد دلاتے ہیں۔
آنے والے 77ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر انہوں نے مجاہدینِ آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اڈیشہ کی پروتی گیری کو یاد کیا جن کی پیدائش کی صد سالہ تقریبات جنوری 2026 میں ہوں گی۔ انہوں نے عوام سے “انسنگ ہیروز” ویب سائٹ دیکھنے کی اپیل کی تاکہ آزادی کی جدوجہد میں حصہ لینے والی عظیم شخصیات کے بارے میں جانا جا سکے۔
وزیر اعظم نے اینٹی بایوٹک دواؤں کے بے جا استعمال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں صرف ڈاکٹر کے مشورے سے ہی استعمال کرنا چاہیے کیونکہ غلط استعمال سے کئی بیماریوں میں یہ دوائیں بے اثر ہو رہی ہیں۔
خطاب کے اختتام پر وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت 2026 میں نئی امیدوں اور نئے عزم کے ساتھ قدم رکھ رہا ہے اور وکست بھارت کے سفر میں یہ ایک اہم سنگِ میل ہوگا۔ انہوں نے فٹ انڈیا مہم سے جڑنے اور صحت مند رہنے کی اپیل کی۔
انہوں نے نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھارت کو بڑی امید سے دیکھ رہی ہے اور نوجوانوں کی طاقت کے ساتھ تمل اور کنڑ جیسی زبانوں پر فخر ہی ملک کی ترقی کی سب سے بڑی طاقت بنے گا۔
