Last Updated on November 29, 2026 8:21 pm by INDIAN AWAAZ


حسام صدیقی
اترپردیش اسمبلی الیکشن سر پر آگیا عوام کے سامنے رکھنے کے لئے ترقی کا کوئی مدعا نہ ہونے کی وجہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی نے کتھاؤں اور ہندو راشٹر کے نعرے کا سہارا لے لیا ہے۔ 17 سے 20 نومبر تک پرتاپ گڑھ کے کنڈا میں باگیشور دھام کے دھیرندر شاستری کی کتھا کا پروگرام منعقد ہوا۔ اتر پردیش میں اسی طرز کے ان کے مزید پانچ پروگرام منعقد کرنے کا بی جے پی کا منصوبہ ہے۔ دھیرندر شاستری کے علاوہ کئی دوسرے کتھا سنانے والوں کے پروگرام بھی کرائے جائیں گے۔کنڈا کی کتھا میں بھیڑ خوب جمع ہوئی اور اسٹیج پر سورنوں (اعلیٰ ذاتوں) کا اجتماع بھی خاصا بڑا تھا۔ کئی بار ایسا محسوس ہوا کہ یہ دھیرندر شاستری کی کتھا کا پروگرام نہیں، بلکہ راجپوت سماج کا کوئی بڑا جلسہ ہے۔جن ستّا کے رکن اسمبلی رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجا بھیا نے یہ کتھا منعقد کرائی تھی۔ انہیں ہندو راشٹر، سناتن دھرم کی حفاظت اور ہندوتوا کا نیا پوسٹر بوائے بھی بنا دیا گیا ہے۔دھیرندر شاستری نے کرشن جنم بھومی اور متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد کے مسئلے کو بھی زور دار انداز میں اٹھایا۔ انہوں نے ’’متھرا چلو‘‘ کا نعرہ بھی دیا اور یہ اعلان بھی کیا کہ ملک کے تمام چھ سو اضلاع میں ہمیں ایک ایک راجا بھیا تیار کرنا ہے، تاکہ ہم ہندو راشٹر کا خواب جلد پورا کر سکیں۔


کنڈا میں دھیرندر شاستری نے ہندو راشٹر بنانے کے لیے جو میلہ لگایا، اس میں بولنے والا ہر شخص ایسی بہادری دکھا رہا تھا جیسے اگلے ہی دن ملک ہندو راشٹر بن جائے گا۔راجا بھیا سمیت تمام مقررین نے ہندوؤں میں ذات پات ختم کرکے متحد ہونے اور سناتن دھرم کو آگے بڑھانے کے لیے خوب لفاظی کی۔ ہندو اتحاد کی بات کرنے والوں کی حقیقت یہ ہے کہ اسٹیج پر راجپوت برادری کے طاقتور اور بااثر افراد ہی کا غلبہ برقرار رہا۔ کسی دلت، آدیواسی یا بیک ورڈ طبقے کے شخص کو اسٹیج پر جگہ نہیں دی گئی۔رام شِرومنی یادو نامی ایک شخص نے کہا کہ جن دبنگ اور طاقتور لوگوں کے ظلم کا شکار دلت، آدیواسی اور پسماندہ طبقات ہوتے رہتے ہیں، اسٹیج پر انہی کا غلبہ تھا۔ انہیں دیکھ کر چھوٹی ذات کے ہندو سناتن دھرم کے نام پر ان کے پیچھے کیوں کھڑے ہوں گے؟پورے پروگرام میں جن لوگوں کا غلبہ تھا یا جن لوگوں نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا، ان میں برج بھوشن شرن سنگھ، برجیش سنگھ، ابھیے سنگھ، راکیش پرتاپ سنگھ، دنیش سنگھ، سنجیو بالیان، منوج پانڈے، پھوہڑ اور فحش بھوجپوری گانوں کے گلوکار منوج تیواری وغیرہ شامل تھے۔اپنی بیوی کے ساتھ مارپیٹ اور دوسری خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے مقدمے کا سامنا کرنے والے پون سنگھ، نابالغ بچیوں کی فحش فلموں کا کاروبار کرنے کے الزام میں پھنسے راج کندرا کو بچانے کے لیے ہاتھ پاؤں مارنے والی اداکارہ شلپا شیٹی بھی ملک کو ہندو راشٹر بنانے کے لیے بے تاب نظر آئیں۔


ذات پات ختم کرکے سناتن دھرم کو مضبوط کرنے اور ہندو راشٹر بنانے کے تمام دعوے ایک ہفتہ بھی قائم نہ رہ سکے اور ذات پات کی بنیاد پر ایک دوسرے کو گالیاں دیتے ہوئے لوگ نظر آنے لگے۔چھ دن پہلے کنڈا میں یوگا کے کاروباری رام دیو نے دھیرندر شاستری کے لیے کہا تھا کہ وہ بھگوان کے ’’انشاوتار‘‘ ہیں، لیکن چھ دن بعد 23 نومبر کو جمشید پور میں رام دیو نے دھیرندر شاستری کو پاکھنڈی، ڈھونگی اور دھوکے باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھوت پریت کے نام پر لوگوں کو خوف زدہ کرکے ان کا استحصال کرتے ہیں۔رام دیو نے کہا کہ انہیں نہ تو ویدوں کی معلومات ہیں، نہ اپنشدوں کی اور نہ ہی دھرم کی۔ وہ پڑھے لکھے نہیں ہیں، اس لیے آئین پڑھنا بھی نہیں جانتے۔ اسی طرح کے مفاد پرست لوگ سناتن دھرم کو مضبوط کرکے ہندو راشٹر بنائیں گے۔کتھا کے اختتام پر کنڈا کے قلعے میں دھیرندر شاستری نے مسخروں کے انداز میں آواز لگائی کہ ’’دیوی دربار‘‘ شروع ہوتا ہے۔ بھوت پریت سے پریشان لوگ آگے آ جائیں۔اچانک بھیڑ میں سے کئی مرد، عورتیں اور نوجوان آگے آنے لگے۔ تقریباً ساٹھ سے اسی لوگ اسٹیج کے سامنے آ گئے اور دھیرندر شاستری نے ہنومان چالیسہ کا پاٹھ شروع کر دیا۔دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں نے اچھل کود شروع کر دی۔ کوئی ناچ رہا تھا، کوئی چیخ رہا تھا، کوئی ہاتھ پاؤں ہوا میں ہلا رہا تھا اور کئی خواتین اپنے بال نچا رہی تھیں۔ان سب کے چہروں سے ظاہر ہو رہا تھا کہ وہ سب کچھ پہلے سے طے شدہ تھا۔ کسی پر نہ بھوت تھا، نہ پریت۔ یہ بھی دھیرندر شاستری کے ہندو راشٹر کی بنیاد ہے۔رام دیو نے بھی ان کے اس ڈرامے پر سخت حملہ کیا ہے۔


دھیرندر شاستری ہر ذات کے ہندوؤں پر جادو چلانے اور سناتن اتحاد اور ہندو راشٹر کے لیے متحد کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی اندرونی طاقت سے بڑے سے بڑا مسئلہ حل کر سکتے ہیں۔کنڈا میں انہوں نے طرح طرح کے ڈرامے اور دعوے کیے، لیکن اپنی چھپی ہوئی ذاتی طاقت کے ذریعے برسوں سے کنڈا سے دور دہلی میں رہنے والی اپنی بیوی بھانووی سنگھ اور رگھوراج پرتاپ سنگھ کے باہمی جھگڑے کو ختم کرکے ان میں صلح نہیں کرا سکے۔وہ بھی تب، جب بھانووی سنگھ نے کتھا شروع ہونے سے پہلے ہی سوشل میڈیا پر پوسٹ ڈال کر اپنے شوہر سے درخواست کی تھی کہ اتنا بڑا پروگرام ہو رہا ہے، اس میں انہیں بھی شامل ہونے کا موقع دیا جائے، تاکہ مذہبی پابندیوں کے مطابق راجا اور رانی مل کر کتھا کرائیں اور ساتھ بیٹھ کر اسے سنیں۔اگر دھیرندر شاستری میں بھوت پریت بھگانے کی طاقت ہے تو شوہر بیوی کے اختلافات بھی ختم کرانے کی طاقت ان کے اندر ہونی چاہیے۔اگر دھیرندر شاستری دونوں کے درمیان صلح صفائی کرا دیتے تو شوہر بیوی اور ان کے چار بچوں، دو بیٹوں اور دو بیٹیوں کی زندگی میں خوشی کی لہر دوڑ جاتی۔ لیکن دھیرندر شاستری میں سمجھوتہ کرانے کی اتنی طاقت ہی نہیں ہے۔وہ ایسا ہی ہندو راشٹر بنانا چاہتے ہیں جس میں خواتین اور بیویوں کی کوئی حیثیت ہی نہ ہو۔ عورتیں اسی وقت تک اپنے شوہر کے ساتھ رہ سکیں گی جب تک وہ شوہر کی غلامی کرتی رہیں گی۔


سناتن دھرم کو مضبوط کرنے اور ہندو راشٹر بنانے کا دھیرندر شاستری کا ڈراما پوری طرح فلاپ ہو گیا۔ہاں، ایک بات ضرور واضح ہو گئی کہ اگر بھارت ہندو راشٹر بن گیا تو دھرم کا کاروبار کرنے والے ہی ملک اور حکومت پر قابض ہو جائیں گے۔کنڈا میں جس طرح ہیلی کاپٹروں میں بھر بھر کر بھگوا لباس پہنے سادھو آتے دکھائی دیے، اس سے اندازہ ہو گیا کہ ’’موہ مایا ترک‘‘ کرکے سادھو سنت کی زندگی گزارنے والے جدید سادھوؤں کے پاس کس حد تک دولت اور وسائل جمع ہو چکے ہیں۔اب سادھوؤں کی زندگی اتنی آرام دہ ہو گئی ہے کہ وہ کروڑوں کی گاڑیوں اور ہیلی کاپٹروں میں اڑتے پھرتے ہیں۔ اس سے بہتر کاروبار اور کیا ہو سکتا ہے؟اب بھی جو اصل سناتنی، تیاگی سادھو سنت ہیں، وہ اس طرح کی گلیمرس زندگی سے دور ہی رہتے ہیں۔اب دیکھنا یہ ہے کہ کتھاؤں کے اس طرح کے پروگراموں سے بی جے پی کو ووٹوں کا کتنا فائدہ ہوتا ہے