Last Updated on January 13, 2026 11:08 pm by INDIAN AWAAZ

AMN / NEWS

بری فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی نے آج واضح کیا کہ جموں و کشمیر کی شکسگام وادی سے متعلق 1963 میں چین اور پاکستان کے درمیان ہونے والا معاہدہ غیر قانونی ہے۔ وادی سے متعلق بھارت کے موقف کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شکسگام وادی میں کسی بھی سرگرمی کو بھارت تسلیم نہیں کرتا۔ جنرل دویدی نے یہ بات چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے بیان پر میڈیا کے سوال کے جواب میں نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ چین کے ساتھ لائن آف ایکچوئل کنٹرول (LAC) پر صورتحال مستحکم ہے، تاہم اس پر مسلسل نگرانی ضروری ہے۔

آپریشن سندور کے حوالے سے جنرل دویدی نے کہا کہ یہ تینوں افواج کے درمیان مثالی تال میل کی بہترین مثال ہے، جس میں کارروائی اور جواب دینے کی مکمل آزادی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن تاحال جاری ہے اور دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 10 مئی کے بعد مغربی محاذ اور جموں و کشمیر میں صورتحال حساس ضرور ہے لیکن پوری طرح قابو میں ہے۔


ایران میں حکومت مخالف مظاہروں پر کریک ڈاؤن کے بعد ہزاروں افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ایک خبر رساں ایجنسی نے ایرانی سکیورٹی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد تقریباً دو ہزار ہو سکتی ہے۔

حکام کی جانب سے حالیہ دنوں میں انٹرنیٹ بندش سمیت مواصلاتی پابندیوں کے باعث اطلاعات کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی استغاثہ نے مظاہروں کے دوران گرفتار افراد کے خلاف پہلی فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

یہ مظاہرے خراب معاشی حالات کے باعث شروع ہوئے اور گزشتہ تین برسوں میں ایرانی حکومت کے لیے سب سے بڑا اندرونی چیلنج سمجھے جا رہے ہیں، جب کہ گزشتہ سال اسرائیلی اور امریکی حملوں کے بعد بین الاقوامی دباؤ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ایرانی حکام نے امریکہ اور اسرائیل پر بدامنی پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر نے مظاہروں کو ہائی جیک کر لیا ہے۔

اسی دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی مظاہرین سے احتجاج جاری رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ مدد راستے میں ہے۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ میں انہوں نے مظاہرین کو اداروں پر قبضہ کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ قتل و تشدد کے ذمہ داروں کو بھاری قیمت چکانا ہوگی۔ صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ایران سے تجارت جاری رکھنے والے ممالک پر امریکہ 25 فیصد ٹیرف عائد کرے گا۔


بھارت اور فرانس نے عالمی سلامتی کے ماحول میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا ہے تاکہ امن اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔ قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور فرانسیسی صدر کے سفارتی مشیر ایمانوئل بون نے آج نئی دہلی میں 38ویں بھارت-فرانس اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کی۔

مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے اسٹریٹجک شراکت داری کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے مجوزہ دورۂ بھارت کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایمانوئل بون نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے بھی تبادلہ خیال کیا۔


وزیر اعظم مودی اور فرانسیسی صدر کے مشیر کی ملاقات، اسٹریٹجک شراکت داری پر زور

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے سفارتی مشیر ایمانوئل بون نے آج نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے بھارت-فرانس کے مضبوط اور قابلِ اعتماد اسٹریٹجک تعلقات کی توثیق کی، جو مختلف شعبوں میں قریبی تعاون سے عبارت ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اختراع، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے میدان میں تعاون کا پھیلاؤ حوصلہ افزا ہے، بالخصوص ایسے وقت میں جب بھارت-فرانس اختراعی سال منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے جلد فرانسیسی صدر کے دورۂ بھارت کا خیر مقدم کرنے کی امید ظاہر کی۔


برطانیہ کے چار ارکانِ پارلیمنٹ نے بنگلہ دیش میں محمد یونس کی قیادت والی عبوری حکومت کے تحت وسیع حمایت یافتہ سیاسی جماعتوں پر پابندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، جب کہ آئندہ ماہ عام انتخابات متوقع ہیں۔

مشترکہ بیان میں ارکانِ پارلیمنٹ نے مطالبہ کیا کہ انتخابات جامع ہوں اور کہا کہ تمام بڑی سیاسی جماعتوں کی شرکت کے بغیر کوئی بھی انتخاب جمہوری نہیں ہو سکتا۔ برطانوی پارلیمنٹ کے جن اراکین نے بیان پر دستخط کیے ان میں باب بلیک مین، جم شینن، جس اتھوال اور کرس لا شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش 12 فروری کو ہونے والے پہلے قومی انتخابات کے موقع پر ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے، جو 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والے احتجاج کے بعد شیخ حسینہ کی عوامی لیگ حکومت کے خاتمے کے بعد منعقد ہو رہے ہیں۔

نامور دانشور، ممتاز ماہرِ تعلیم، ماہرِ معاشیات اور معروف ملی رہنما ڈاکٹر منظور عالم آج علی الصبح انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی ملک اور بیرونِ ملک علمی، سیاسی اور سماجی حلقوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔

ڈاکٹر منظور عالم عالمی شہرت یافتہ تحقیقی ادارے انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز (IOS) کے چیئرمین، آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (AIMPLB) کے بانی اراکین میں شامل تھے۔

وہ ملتِ اسلامیہ ہند کی ممتاز ترین شخصیات میں شمار کیے جاتے تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی ملت کی فلاح و بہبود، بااختیاری اور سماجی اصلاح کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ تعلیم، معاشیات اور علمی تحقیق کے میدان میں ان کی گراں قدر خدمات کو وسیع پیمانے پر تسلیم کیا جاتا ہے، جب کہ ان کی فکری و علمی وراثت آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔ اپنی تحریروں، تحقیق اور قیادت کے ذریعے ڈاکٹر منظور عالم ہمیشہ سماجی انصاف، اقلیتی حقوق اور علمی بالادستی کے علمبردار رہے۔

ان کے انتقال پر ملک بھر کے قائدین، علما، دانشوروں اور عوامی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغامات میں انہیں محض ایک فرد نہیں بلکہ ایک تحریک قرار دیا گیا، جو ملت کے حقوق، وقار اور فکری ارتقا کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے رہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور پسماندگان و متعلقین کو اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

بھارت کی برکس صدارت: انسانیت اور عوامی مرکزیت اولین ترجیح، جے شنکر

وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ بھارت اپنی برکس چیئرمین شپ کو “انسانیت اولین” اور “عوامی مرکزیت” کے نقطۂ نظر کے ساتھ انجام دے گا۔ وہ آج نئی دہلی میں برکس سربراہ اجلاس کے لوگو، تھیم اور ویب سائٹ کے اجرا کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔


2047 تک وکست بھارت کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار، امیت شاہ

وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف تعلیمی ڈگریوں تک محدود نہ رہیں بلکہ 2047 تک ‘وکست بھارت’ کے مشن کے لیے خود کو وقف کریں۔ وہ آج گجرات کے آنند میں چاروست یونیورسٹی کے 15ویں کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔

اس سے قبل وزیرِ داخلہ نے گاندھی نگر کے پیتھاپور میں بی ایس ایل-4 لیبارٹری کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بھارت نے بایو ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیر معمولی ترقی کی ہے جس سے وسیع مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے اپنے آبائی شہر مانسا میں 267 کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔


نو نئی امرت بھارت ایکسپریس ٹرینیں جلد روانہ ہوں گی: اشونی ویشنو

وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے اعلان کیا ہے کہ نو نئی امرت بھارت ایکسپریس ٹرینیں جلد شروع کی جائیں گی۔ سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے انہوں نے ٹرینوں کے روٹس بھی شیئر کیے۔

یہ ٹرینیں کاماکھیا-روہتک، ڈبروگڑھ-گومتی نگر، نیو جلپائی گوڑی-تریچی، نیو جلپائی گوڑی-ناگرکویل، علی پور دوار-بنگلور، علی پور دوار-پنویل، سانترگاچی-تمبارم، ہاوڑہ-آنند وہار اور سیالدہ-بنارس کے درمیان چلیں گی۔


وکست بھارت گرام قانون پر عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے: کرن رجیجو

پارلیمانی امور اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے اپوزیشن جماعتوں پر الزام عائد کیا کہ وہ وکست بھارت گرام قانون کے حوالے سے عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی لوگ اس قانون کے فوائد کو سمجھیں گے، جو دیہی بھارت میں روزگار اور ترقی کو نئی سمت دے گا۔

وہ آج لکھنؤ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔


10 منٹ ڈیلیوری ڈیڈ لائن ختم، حکومت کی مداخلت کے بعد فیصلہ

بڑی ڈیلیوری ایگریگیٹر کمپنیوں نے حکومت کی مداخلت کے بعد 10 منٹ ڈیلیوری سروس کی ڈیڈ لائن ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بلنکٹ، زیپٹو، زومیٹو اور سوئگی سمیت بڑے پلیٹ فارمز کے ساتھ میٹنگ منعقد ہوئی۔

یہ قدم گیگ ورکرز کی سلامتی، تحفظ اور بہتر کام کے حالات کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلنکٹ نے ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اپنے برانڈنگ سے 10 منٹ ڈیلیوری کا وعدہ ہٹا دیا ہے۔

کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز کے جنرل سیکریٹری پروین کھنڈیلوال نے اس فیصلے کو دور اندیش قرار دیا۔


بھارتی تخلیقی معیشت کا جی ڈی پی میں بڑا کردار متوقع: ایل مرگن

اطلاعات و نشریات کے وزیرِ مملکت ڈاکٹر ایل مرگن نے کہا ہے کہ بھارتی تخلیقی معیشت آئندہ برسوں میں ملک کی جی ڈی پی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

وہ آج نئی دہلی میں ‘انسپائرنگ انوویٹرز’ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہالی ووڈ فلموں کی پوسٹ پروڈکشن بھارت میں ہو رہی ہے جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر وزارت کے سکریٹری سنجے جاجو نے کہا کہ اختراع اور تخلیقیت نئے بھارت کی شناخت بن رہی ہے۔


کتے کے کاٹنے کے واقعات پر ریاستوں پر بھاری معاوضہ عائد ہوگا: سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وہ کتے کے کاٹنے کے واقعات پر ریاستوں کو بھاری معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے گا اور کتوں کو کھانا کھلانے والوں کو بھی جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔

عدالتِ عظمیٰ نے آوارہ جانوروں سے متعلق ضوابط کے نفاذ میں گزشتہ پانچ برسوں سے ناکامی پر تشویش کا اظہار کیا۔ سماعت کے دوران عدالت نے عوامی مقامات پر کتوں کو کھانا کھلانے والی تنظیموں اور افراد کے طرزِ عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا ہمدردی صرف جانوروں تک محدود ہے اور انسانوں تک نہیں۔


مہاراشٹر میں بلدیاتی انتخابات کی مہم اختتام پذیر

مہاراشٹر میں 29 میونسپل کارپوریشنز کے انتخابات کے لیے انتخابی مہم آج ختم ہو گئی۔ سیاسی جماعتوں کی توجہ ممبئی پر مرکوز ہے جہاں بی جے پی قیادت والی مہایوتی، متحدہ ٹھاکرے محاذ کے چیلنج کا سامنا کر رہی ہے۔

893 وارڈز میں 2,869 نشستوں کے لیے ووٹنگ جمعرات کو صبح 7:30 سے شام 5:30 بجے تک ہوگی۔


شمالی بھارت میں لوہڑی کا تہوار جوش و خروش سے منایا گیا

فصل کٹائی کا تہوار لوہڑی آج شمالی بھارت میں روایتی الاؤ کے ساتھ منایا گیا۔ پنجاب، ہریانہ، ہماچل پردیش اور ملحقہ علاقوں میں عوام نے جوش و خروش سے شرکت کی۔

لوگ الاؤ کے گرد بیٹھ کر مونگ پھلی اور ریوڑیاں ڈالتے ہوئے خوشحالی کی دعائیں مانگتے ہیں۔ دُلہا بھٹی کی یاد میں گائے جانے والے گیت پنجابی لوک ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ تہوار نوبیاہتا جوڑوں اور نوزائیدہ بچوں کے لیے نئے آغاز کی علامت ہے۔ ‘دھیان دی لوہڑی’ کے تحت مختلف تقاریب منعقد کی گئیں، جن میں پٹیالہ میں ریاستی سطح کی تقریب بھی شامل تھی۔

صدرِ جمہوریہ، نائب صدر اور وزیر اعظم نے اس موقع پر عوام کو مبارکباد دی۔


ویمنز پریمیئر لیگ: گجرات جائنٹس کا ممبئی انڈینز کو 193 رنز کا ہدف

ویمنز پریمیئر لیگ کرکٹ میں گجرات جائنٹس نے ممبئی کے خلاف 193 رنز کا ہدف مقرر کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گجرات جائنٹس نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے۔ ممبئی انڈینز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا تھا۔


انڈیا اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا آغاز، لکشے سین اگلے راؤنڈ میں

انڈیا اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ آج نئی دہلی میں شروع ہوا۔ مردوں کے سنگلز میں لکشے سین نے اپنے ہم وطن آیوش شیٹی کو شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔

مردوں کے ڈبلز میں ایم آر ارجن اور ہری ہرن امساکرونن کی جوڑی اگلے مرحلے میں پہنچ گئی، جبکہ خواتین کے ڈبلز میں گایتری گوپی چند اور ترشا جولی نے بھی کامیابی حاصل کی۔