حکومت نے ایئر مارشل امر پریت سنگھ( پی وی ایس ایم)، اے وی ایس ایم، جو اس وقت ایئر چیف آف دی ایئر اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، کو ایئر چیف مارشل کے عہدے کے لئے مقرر کیا گیا ہے، جو 30 ستمبر 2024کی سہ پہر سے نافذ العمل ہوگا۔  موجودہ چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل وویک رام چودھری،( پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، وی ایم، اے ڈی سی) 30 ستمبر 2024 کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں۔

27 اکتوبر 1964 کو پیدا ہونے والے ائیر مارشل امر پریت سنگھ کو دسمبر 1984 میں ہندوستانی فضائیہ کے فائٹر پائلٹ اسٹریم میں تعینات کیا گیا تھا۔ تقریباً 40 سال پر محیط اپنی طویل اور ممتاز خدمات کے دوران انہوں نے مختلف کمانڈ، اسٹاف، انسٹرکٹشنل  اور غیر ملکی ذمہ داریوں  وال عہدوں پر رہ کر اپنی خدمات انجام دی ہیں ۔

نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج اور نیشنل ڈیفنس کالج  سے فارغ التحصیل طالب علم، ایئر آفیسر ایک کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹر اور ایک تجرباتی ٹیسٹ پائلٹ ہیں جن کے پاس مختلف قسم کے فکسڈ اور روٹری ونگ ہوائی جہازوں پر 5,000 گھنٹے سے زیادہ پرواز کرنے کا تجربہ ہے۔

اپنے کیریئر کے دوران، افسرموصوف نے ایک آپریشنل فائٹر سکواڈرن اور ایک فرنٹ لائن ایئر بیس کی کمان سنبھالی ہے۔ ایک ٹیسٹ پائلٹ کے طور پر، انہوں نے ماسکو، روس میں مگ-29 اپ گریڈ پروجیکٹ مینجمنٹ ٹیم کی قیادت بھی کی۔ وہ نیشنل فلائٹ ٹیسٹ سینٹر میں پروجیکٹ ڈائریکٹر (فلائٹ ٹیسٹ) بھی تھے اور انہیں ہلکے لڑاکا طیارے تیجس کی فلائٹ ٹیسٹنگ کا کام سونپا گیا تھا۔ انہوں نے ساؤتھ ویسٹرن ایئر کمانڈ میں ایئر ڈیفنس کمانڈر اور ایسٹرن ایئر کمانڈ میں سینئر ایئر اسٹاف آفیسر کی اہم تقرریوں پر بھی  کام کیا ہے۔ وائس چیف آف دی ائیر سٹاف کا چارج سنبھالنے سے پہلے وہ سنٹرل ائیر کمانڈ کے ائیر آفیسر کمانڈنگ اِن چیف تھے۔