جاوید اختر
سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکسز(سی بی ڈی ٹی) نے مالی سال 2022-23 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن فارم(آئی ٹی آر فارم) جاری کردیا ہے۔اس سال آئی ٹی آر فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 31جولائی 2023مقرر کی گئی ہے۔حالانکہ بالعموم سی بی ڈی ٹی نئے مالی سال کے آغاز پر آئی ٹی آر فارم جاری کرتا ہے لیکن اس مرتبہ اس نے 10فروری کو ہی فارم جاری کردیا۔اس مرتبہ بھی فارم میں کوئی بڑی تبدیلی دیکھنے کو نہیں ملی ہے۔ لہذا ٹیکس دہندگان کو مشترکہ آئی ٹی آر فارم کے لیے ابھی مزید انتظار کرنا ہوگا۔ حالانکہ یکم فروری کو اپنی بجٹ تقریر میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ٹیکس سلیب میں تبدیلی کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی ایک کامن آئی ٹی آر فارم لانے کی بات کہی تھی۔ لہذا لوگوں کو امید تھی کہ سی بی ڈی ٹی ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لیے کوئی کامن آئی ٹی ریٹرن فارم جاری کرے گا۔


آئی ٹی آر فارم دراصل ایک ایسا فارم ہے جس میں فرد کی آمدنی، سال کے دوران اس پر ادا کیے جانے والے ٹیکسوں کی تفصیلات ہوتی ہیں۔ چونکہ بعض لوگوں کے آمدنی کے کئی ذرائع ہوسکتے ہیں ایسے میں جب بھی انکم ٹیکس ریٹرن داخل کریں تو اپنی آمدنی کے تمام ذرائع کی تفصیلات دینی پڑتی ہے۔ اس سے انکم ٹیکس کا تعین کرنے میں آسانی ہوتی ہے اور ساتھ ہی کسی بھی طرح کے جرمانے سے بھی بچا جاسکتا ہے۔ اس میں دی جانے والی تفصیلات گذشتہ برس کے یکم اپریل سے شرو ع ہوکر رواں برس کے 31مارچ تک کی ہونی چاہئے۔
آج کل انکم ٹیکس ریٹرن آن لائن بھی داخل کیا جاسکتا ہے۔ آن لائن آئی ٹی آر داخل کرنا زیادہ آسان ہے۔ آئی ٹی آر فارم کئی طرح کے ہوتے ہیں اس لیے یہ بھی ضروری ہے کہ اپنی آمدنی کے حساب سے مناسب فارم کا استعمال کیا جائے۔


آئی ٹی فارم سات طرح کے ہوتے ہیں
ٹیکس دہندگان کے مختلف زمروں کے لیے سات طرح کے آئی ٹی فارم ہیں۔ محکمہ انکم ٹیکس نے فارم نمبر 1سے لے کر فارم نمبر 5تک جاری کردیا ہے۔ ان فارم کے ذریعہ ٹیکس دہندگان اسسمنٹ ایئر(AY) 2023-24 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن داخل کرسکتے ہیں۔
فارم نمبر 1کن لوگوں کے لیے ہے
یہ آئی ٹی آر فارم ان افراد کے لیے ہے جن کی سالانہ آمدنی 50لاکھ روپے تک ہے۔ اگر سیلری کے علاوہ کسی گھریلو جائیداد سے آمدنی ہوتی ہے تو فارم نمبر 1کی ضرورت ہوگی۔ ساتھ ہی سود اور ڈیویڈنڈ سے ہونے والی آمدنی، زراعت سے پانچ ہزار روپے تک سالانہ کی آمدنی والے افرا د بھی اس فارم سے ریٹرن داخل کرسکتے ہیں۔
آئی ٹی آر فارم نمبر 2
میوچوول فنڈ، اسٹاک یا غیر منقولہ جائیداد کی فروخت سے اگر آمدنی ہوتی ہے یا اگر ایک سے زیادہ جائیداد ہے تو ایسے ٹیکس دہندگان کو آئی ٹی آر 2 داخل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
آئی ٹی آر فارم نمبر 3
آئی ٹی آر فارم نمبر 3 افراد یاد ہندو غیر منقسیم خاندان(HUF) کے لیے ہے۔ اس کے علاوہ جن لوگوں کو تجارت سے آمدنی ہوتی ہے انہیں بھی یہ فارم بھرنا ہوگا۔
آئی ٹی آر فارم نمبر 4
یہ فارم کسی فرد، ہندو غیر منقسیم خاندان(HUF) (ایل ایل پی کے علاوہ)پر لاگو ہوتا ہے جو تجارت او رپیشے سے 50 لاکھ روپے تک کماتے ہیں۔غیرفہرست ایکوٹی شیئروں یا کسی کمپنی کے ڈائریکٹروں میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد پر یہ لاگو نہیں ہوتا ہے۔
آئی ٹی آر فارم نمبر 5
آئی ٹی آر فارم نمبر 5 کسی فرد، ہندو غیر منقسیم خاندان(HUF) یا آئی ٹی آر 7داخل کرنے والوں کے علاوہ دیگر ٹیکس دہندگان کے لیے ہے۔اس آئی ٹی آر فارم کا استعمال بالعموم ایل ایل پی (Limited Liability Partnership)، کوآپریٹیو کمیٹیوں وغیرہ کے ذریعہ کیا جاتا ہے۔
آئی ٹی آر فارم نمبر 6
انکم ٹیکس قانون کی دفعہ 11کے تحت رعایت کا دعویٰ کرنے والی کمپنیوں کے علاوہ دیگر کمپنیوں کو آئی ٹی آر 6 فارم میں پر کرنا ہوتا ہے۔
آئی ٹی آر فارم نمبر 7
آئی ٹی آر فارم 7 اس وقت داخل کیا جاتا ہے جب کمپنیوں سمیت افراد دفعہ 139(4A) یا دفعہ 139(4B) یا دفعہ 139(4C) یا دفعہ 139(4D) کے تحت آتے ہیں۔
آن لائن آئی ٹی آر فارم کیسے پرکریں۔آن لائن آئی ٹی آر فارم بھرنے کے لیے آپ کو انکم ٹیکس محکمے کی ویب سائٹ پر جانا ہوگا۔ جس کا ایڈریس ہے:https://incometaxindia.gov.in/
اس میں فارم ڈاون لوڈ پر کلک کریں، جس سے آئی ٹی آر فارم کھل جائے گا۔ وہاں تمام تفصیلات موجود ہیں اور آپ ان کے مطابق اپنا فارم خود بھی بھر سکتے ہیں۔سی بی ڈی ٹی نے کہا ہے کہ اس سال آئی ٹی آر فارم کو قبل از وقت اس لیے نوٹیفائی کیا گیا تاکہ آئی ٹی آر داخل کرنے کے عمل کو زیادہ موثر بنایا جاسکے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ٹی آر فارم پہلے جاری ہوجانے سے ریٹرن کا خود اسسمنٹ کرنے کے لیے بھی زیادہ وقت ملے گا۔(اے ایم این)