کابل میں گزشتہ روز ایک تعلیمی مرکز کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 24 ہو گئی ہے۔ ملکی وزارت داخلہ کے مطابق 57 دیگر افراد زخمی بھی ہیں۔ ایک خودکش بمبار نے اس مرکز میں داخل ہونے کی کوشش کی مگر سکیورٹی گارڈز کے پہنچنے کے سبب وہیں پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ دھماکا اس وقت ہوا جب اس تعلیمی ادارے کے طلبہ گھروں کو واپس جا رہے تھے۔ طالبان کی طرف سے اس حملے سے لاتعلقی کا اعلان کیا گیا ہے۔