یونانی کا فائدہ نہ صرف عام لوگوں کو بلکہ مین اسٹریم سے جڑے لوگوں کو بھی مل رہا ہے: اما کانت لکھیرا
آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کا مقصد گھر گھر یونانی کو پہنچانا ہے : ڈاکٹر سید احمد خاں
نئی دہلی :20 مارچ ()آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کی جانب سے 68 واں مفت یونانی میڈیکل کیمپ کا انعقاد نئی دہلی کے پریس کلب آف انڈیا نئی دہلی میں منعقد کیا گیا ۔جس میں صحافیوں سمیت مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والے افرادنے یونانی ادویات کی جانکاری حاصل کی ساتھ ماہر ڈاکٹروں اور حکیموں کو اپنی اپنی نبض دکھا کر دوائیاں بھی لیں۔اس موقع پر پریس کلب آف انڈیا کے صدر اما کانت لکھیرا نے آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کی سرگرمیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا مفت یونانی میڈکل کیمپ لوگوں میں مقبولیت کا بڑا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے آیوش شعبہ میں یونانی کو شامل کرکے بڑا کام کیا ہے ۔تاہم اس کا فائدہ نہ صرف عام لوگوں کو بلکہ مین اسٹریم سے جڑے لوگوں کو بھی مل رہا ہے ۔یونانی کے فروغ میں پیش پیش رہنے والے ڈاکٹر سید احمد خاں نے کہا کہ آج آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کیلئے خوشی آئند بات ہے کہ پریس کلب آف انڈیا میں پہلا یونانی کیمپ اتنے بڑے پیمانے پر منعقد کیا گیا ہے، کیمپ میں کثیرتعداد میں مریضو ں نے اپنی نبض دکھائی اورمفت میں دوائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ طب یونانی کی اپنی اہمیت و افادیت ہے جس کے ذریعے مریض کی صحت پر بغیر کسی غلط اثرات مرتب کیے ہوئے یہ صحت بخشتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے دور میں موسمی بخار اور ڈینگو جیسی مضر بیماریوں میں طب یونانی کی جانب عوام کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کا مقصد گھر گھر یونانی کو پہنچانا ہے جس کیلئے ہم گلی ، کوچوں کے علاوہ مین اسٹریم میں کام کرنے والے لوگوں تک یونانی کو پہنچانے کا کام کر رہے ہیں ۔ڈاکٹر حبیب اللہ نے کہا کہ آج کا میڈیکل کیمپ بہت کامیاب رہا اور ہماری کوشش رہتی ہے کہ اس طرح کے کیمپ کا انعقاد وقتاً فوقتاً ہوتے رہنا چاہیے، تاکہ لوگوں کو یونانی ادویات کے بارے میں پتا چلے ۔ انہوں نے کہا کہ یونانی ادویات پر لوگوں کا بھروسہ پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گیا ہے ۔ڈاکٹر شکیل احمد اور حکیم عطا الرحمن اجملی نے مشترکہ طور پر کہا کہ پریس کلب آف انڈیا میں منعقد آج کا کیمپ میں نامور صحافیوں نے یونانی ادویات کے بارے میں ہم سے تفضیلی گفتگو کی اور ساتھ ہی صحت مند رہنے کے مشورے بھی لئے ۔ انہوں نے کہا کہ یونانی ادویات کسی بھی طرح کا نقصان نہیں پہنچاتی بلکہ جسم میں نئی طاقت پیدا کرتی ہیں ۔کیمپ میں طبی خدمات دینے والوں میں ڈاکٹر اظہر محمود صاحب ، ڈاکٹر مرزا آصف بیگ ، حکیم عطا الرحمن اجملی ، حکیم مرتضی دہلوی ، ڈاکٹر فہیم ملک ، حکیم محمد یاسر ، کے نام قابل ذکر ہیں