وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین کا انتقال ہوگیا ہے۔ انھوں نے آج صبح سویرے احمد آباد کے ایک اسپتال میں آخری سائنس لی۔ وہ 100 برس کی تھیں۔
ایک جذباتی ٹوئیٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ اُن کا ایک طویل عمر گزارنے کے بعد انتقال ہوا ہے۔ اپنی والدہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ وہ اپنی والدہ میں بھگوان کا روپ دیکھتے ہیں، جو بے لوث کرم یوگی اور اقدار کے تئیں زندگی وقف کرنے والی کی ایک علامت تھیں۔ اپنی والدہ کے 100ویں یومِ پیدائش کے موقعے پر اُن کے ساتھ ملاقات کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انھوں نے ذہانت کے ساتھ کام کرنے کےلئے اُن کی حوصلہ افزائی کی اور سچائی کے ساتھ زندگی گزارنے کی تلقین کی۔San Jose میں فیس بُک کے بانی Mark Zuckerberg کے ساتھ 2015 کے ٹاو ن ہال سیشن کے دوران وزیر اعظم مودی نے اپنی والدہ کی اُن مشکلات کو یاد کیا، جو انھوں نے اپنے بچوں کو پالنے کے دوران برادشت کیں۔مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ اُنھیں اُن کی والدہ کے انتقال کی خبر سن کر گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایک والدہ کا انتقال کسی کی زندگی میں اِس طرح کا خلا پیدا کردیتا ہے، جس کا بھرنا ناممکن ہوتا ہے۔ وزیر اعظم مودی کی والدہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ہیرا با کی جانب سے ایک کنبے کو پالنے کے دوران جس جد و جہد کا سامنا کرنا پڑا، وہ سب کیلئے ایک رول ماڈل ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ پوری قوم دُکھ کی اِس گھڑی میں وزیر اعظم مودی اور اُن کے کنبے کے ساتھ برابر شریک ہے۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی والدہ ہمیشہ ایک تحریک بنی رہیں گی۔ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اُن کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اُن کےلئے شانتی کی دعا کی ہے۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے کہا ہے کہ اُن کی والدہ کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے اُسے پُر نہیں کیا جاسکتا۔
انھوں نے سوگوار کنبے کے تئیں اپنے تعزیت کا اظہار کیا۔ سابق نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ماں اور بچے کے درمیان رشتے کے طور پر بھگوان کی تخلیق کا کوئی مول نہیں ہے اور جسے بیان نہیں کیا جاسکتا۔ انھوں نے اُن کیلئے شانتی کی دعا کی۔آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ چندر بابو نائیڈو نے کہا کہ اُن کی دعائیں غم کی اِس گھڑی میں سوگوار کنبے کے ساتھ ہیں۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر ملک ارجن کھڑکے نے کہا ہے کہ اُنہیں ہیرا بین مودی کے انتقال کی خبر سن کر گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اُن کی تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں سوگوار کنبے کے ساتھ ہیں۔لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے وزیر اعظم کی والدہ ہیرا با کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جناب برلا نے کہا کہ وہ ایک ایسی والدہ ہیں، جنہوں نے اقدار کے ساتھ کسی شخص کی زندگی کی پرورش کی۔ BJP کے صدر جے پی نڈّا، راجستھان کی سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے، سمبت پاترا اور کے اَنّا ملائی سمیت BJP کے لیڈروں نے بھی سوگوار کنبے کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے۔