کووڈ19- کیلئے تیاریوں کا جائزہ لینے کی خاطر صحت کے مرکزی سیکریٹری راجیش بھوشن نے ریاستوں کے صحت سے متعلق سیکریٹریوں اور اعلیٰ افسران کے ساتھ آج شام ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ایک میٹنگ کی۔ گزشتہ ہفتوں میں ملک میں انفلوئنزا اور کووڈ19- کے معاملات میں اضافے کے پیش نظر یہ اعلیٰ سطحی میٹنگ ہورہی ہے۔ انھوں نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو صحت اور خاندانی بہبود کے صحت سے متعلق تحقیق کے شعبے کے ذریعے جاری کی گئی مشترکہ ایڈوائیزری میں پیش کی گئی باتوں پر عمل کرنے کیلئے کہا۔
جناب بھوشن نے ہر کسی سے کووڈ۔اُنیس کی روک تھام کے مناسب طور طریقوں پر عمل کرنے کو کہا۔ انھوں نے کووڈ۔اُنیس کے ٹیکے کی احتیاطی خوراک دینے کے عمل میں تیزی لانے پر بھی زور دیا۔ میٹنگ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملک کے 24 اضلاع میں پچھلے ختم ہفتہ مریضوں کے پائے جانے کی شرح 10 فیصد رہی جبکہ 43 اضلاع میں یہ شرح پانچ سے 10 فیصد رہی۔
حال ہی میں مرکزی صحت سکریٹری اور آئی سی ایم آر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راجیو بہل نے انفلوئنزا وائرس سے متعلق بڑھتے ہوئے معاملات پر قریبی نظر رکھنے کے سلسلے میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریوں اور صحت سے متعلق اعلیٰ افسروں کو ایک خط لکھا تھا۔ پچھلے ہفتے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ملک میں کووڈ19- اور انفلوئنزا سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی تھی۔میٹنگ کے دوران صحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے اور اشیاءکا نقل و حمل، ٹیکہ کاری مہم کی پیش رفت، ملک میں انفلوئنزا اور کووڈ۔اُنیس کی نئی قسمیں اور ملک کو عوامی صحت پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا تھا۔