AMN
وزیراعظم نریندر مودی نے ہل اسٹیشنوں اور بازاروں میں لوگوں کی زبردست بھیڑ بھاڑ پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ کووڈ سے بچاو کے ضابطوں پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے کووڈ کے ضابطوں کی سختی سے پابندی کریں۔
وزیر اعظم نے آسام، ناگالینڈ، تریپورہ، سکم، منی پور، میگھالیہ، اروناچل پردیش اور میزورم کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ آج گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس لگاتار اپنی شکل بدل رہا ہے اور اس بات کی ضرورت ہے کہ اس کی مختلف شکلوں پر نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کووڈ انیس وبا کے دوران پچھلے ڈیڑھ سال کے تجربات اور بہترین طور طریقوں کو یکجا کر کے انہیں پوری طرح استعمال کرنے کے لیے کہا۔ ٹیکا کاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا؛ کہ کووڈ19- کی تیسری امکانی لہر کو روکنے کے لئے ٹیکہ کاری کے کام میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے بہت سے اقدامات کر کے عوام کے درمیان ویکسینیشن سے متعلق ہچکچاہٹ کو دور کرنے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے شمال مشرقی ریاستوں کے کچھ اضلاع میں انفیکشن کی بڑھتی ہوئی شرح پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اِس وائرس پر قابو پانے کےلئے چھوٹی سے چھوٹی سطح پر سخت قدم اٹھائے جائیں۔ انہوں نے زیادہ خطرے والے علاقوں میں زبردست ٹیسٹنگ اور ٹیکاکاری پر توجہدینے کے لیے کہا۔ جناب مودی نے کہا کہ مرکز نے وبا کے پیش نظر 23 ہزار کروڑ روپئے کے جس پیکج کا اعلان کیا ہے، شمال مشرقی ریاستوں کو اس سے کافی فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے شمال مشرقی ریاستوں کو بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانے اور جانچ اور تشخیص کے کام میں تیزی لانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ شمال مشرق میں بستروں کی تعداد، آکسیجن کی سہولیات اور بچوں کی دیکھ بھال سے متعلق بنیادی ڈھانچے میں فوری طور پر اضافہ کیے جانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شمال مشرقی ریاستوں میں آکسیجن کی سپلائی میں اضافہ کرنے کے لئے آکسیجن کے ڈیڑھ سو پلانٹس لگائے جا رہے ہیں۔
جناب مودی نے شمال مشرقی خطّے کی جغرافیائی صورتحال کے پیش نظر عارضی اسپتال قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تربیت یافہ عملے کو تیار کرنے پر بھی زور دیا۔
مرکزی حکومت کی طرف سے ہر طرح کی مدد کا یقین دلاتے ہوئے وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کوششوں سے کووڈ وبا سے موثر طور پر نمٹا جا سکے گا۔
داخلی امور، دفاع، صحت، شمال مشرقی خطّے کی ترقی کے مرکزی وزراءاور دیگر وزیر بھی اس میٹنگ کے دوران موجود تھے۔ مرکزی داخلہ سیکریٹری امت شاہ نے روزانہ مجموعی کیسوں کی تعداد میں کمی کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ البتہ انہوں نے خبردار کیا کہ اس سے کسی کو تساہل میں نہیں پڑ جانا چاہیے اور اپنی حفاظت میں کمی نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے جانچ، مریضوں کا پتہ لگانے اور ٹیکا کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
صحت کے مرکزی سیکریٹری نے ملک میں کووڈ کیسز سے متعلق مجموعی صورتحال پیش کی اور کچھ شمال مشرقی ریاستوں میں جانچ کے بعد متاثر پائے جانے والے لوگوں کی شرح پر بات چیت کی۔ انہوں نے طبّی آکسیجن کی سپلائی میں اضافہ کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی اور ٹیکا کاری میں پیش رفت کی مجموعی صورتحال کے بارے میں بھی بتایا۔
