قربانی کا تہوار عیدالاضحی آج ملک کے مختلف حصوں میں مذہبی عقیدت اور جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔ لوگوں نے آج صبح عیدگاہوں اور بڑی مساجد میں عید کی نماز ادا کی اور بعد میں ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔راجدھانی دلّی میں جامع مسجد، فتح پوری مسجد اور شاہی عیدگاہ میں عید کی نماز کے بڑے اجتماعات ہوئے اور تیز بارش کے باوجود لوگوں نے بڑی تعداد میں عید کی نماز ادا کی۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امام صاحبان نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ امن اور ہم آہنگی برقرار رکھیں اور ملک میں امن وسکون اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔ملک کے دیگر حصوں سے بھی عیدالاضحی منائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ اور وزیر اعظم نریندر مودی نے عیدالاضحی کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔اُدھر پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں مساجد اور میدانوں میں عید کی نماز ادا کی گئی جہاں لوگوں نے ملک اور بیرون ملک امن وسکون اور ہم آہنگی کیلئے دعا کی۔ راجدھانی ڈھاکہ میں عید کی نماز کا بڑا اجتماع قومی عیدگاہ میں ہوا، حالانکہ اُس وقت تیز بارش ہو رہی تھی۔ بیت المکرم قومی مسجد میں بھی عیدالاضحی کی نماز ادا کی گئی۔ وہاں البتہ بارش کی وجہ سے نسبتاً کم تعداد میں لوگ آئے۔