Last Updated on February 20, 2026 12:17 am by INDIAN AWAAZ

انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026 کے تحت منعقدہ اجلاس میں کلیدی خطابات دیتے ہوئے سیم آلٹ مین، سی ای او اوپن اے آئی؛ بریڈ اسمتھ، نائب چیئرمین و صدر مائیکرو سافٹ؛ انکر وورا، صدر، افریقہ و بھارت دفاتر گیٹس فاؤنڈیشن اور جولی سویٹ، چیئر و سی ای او ایکسنچر نے مصنوعی ذہانت کی انقلابی صلاحیت پر روشنی ڈالی، ساتھ ہی جمہوریت کاری، شمولیت، عالمی معیارات اور انسان کی قیادت میں ازسر نو تشکیل پر زور دیا۔ سمٹ کا افتتاح آج نریندر مودی نے کیا، جہاں انہوں نے کہا کہ اے آئی کو خصوصاً گلوبل ساؤتھ کے لیے شمولیت اور عطائے اختیار کا ذریعہ بننا چاہیے۔

سیم آلٹ مین، سی ای او اوپن اے آئی نے ٹیکنالوجی کی غیر معمولی تیز رفتار ترقی اور اس کے رخ کے تعین میں بھارت کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا: ”موجودہ رفتار کو دیکھتے ہوئے ہمیں یقین ہے کہ ہم حقیقی سپر انٹیلیجنس کے ابتدائی ورژن سے محض چند سال کے فاصلے پر ہو سکتے ہیں۔ اگر ہمارا اندازہ درست ہے تو 2028 کے اختتام تک دنیا کی فکری صلاحیت کا بڑا حصہ ڈیٹا سینٹروں کے اندر موجود ہو سکتا ہے، نہ کہ ان کے باہر۔“ کشادگی اور سماجی لچک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا: ”اے آئی کی جمہوریت کاری ہی منصفانہ اور محفوظ مستقبل کا واحد راستہ ہے۔ اے آئی کی جمہوریت کاری ہی اس بات کو یقینی بنانے کا بہترین ذریعہ ہے کہ انسانیت ترقی کرے اور پھلے پھولے۔“

بریڈ اسمتھ، نائب چیئرمین و صدر مائیکرو سافٹ نے اے آئی کو عالمی ٹیکنالوجی خلیج کو کم کرنے یا بڑھانے والی ایک فیصلہ کن قوت قرار دیتے ہوئے کہا: ”شاید اس صدی کی کسی بھی دوسری ٹیکنالوجی سے زیادہ، اے آئی اس بات کا فیصلہ کن کردار ادا کرے گی کہ آیا ہم اس معاشی خلیج کو کم کر پاتے ہیں یا اسے مزید گہرا کر دیتے ہیں۔ آج ہمارے لیے سب سے اہم سوال یہی ہے کہ ہم اسے بہتر طریقے سے کیسے انجام دے سکتے ہیں؟“ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انفراسٹرکچر، مہارت سازی اور لسانی تنوع اس امر کے لیے ناگزیر ہیں کہ اے آئی گلوبل ساؤتھ کی خدمت کرے اور اسے وسیع پیمانے پر خوشحالی میں تبدیل کیا جا سکے۔

انکر وورا، صدر، افریقہ و بھارت دفاتر، گیٹس فاؤنڈیشن نے صحت، تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں نتائج کو تیز کرنے کی اے آئی کی صلاحیت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے کہا: ”بہت سے لوگ اس بات کی پیش گوئی کرتے ہیں کہ اے آئی دنیا کو سب کے لیے بہتر بنائے گی۔ کچھ کا خیال ہے کہ اس سے فائدہ صرف مراعات یافتہ چند افراد کو ہوگا۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ پیش گوئی کا نہیں، بلکہ انتخاب کا معاملہ ہے۔“ نئی فلاحی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اے آئی کی حقیقی کسوٹی یہی ہوگی کہ آیا یہ ان طبقات کی زندگیوں میں ٹھوس اور قابل محسوس بہتری لاتی ہے جو تاریخی طور پر پیچھے رہ گئے ہیں۔

جولی سویٹ، چیئر و سی ای او، ایکسنچر نے کمپنیوں، حکومتوں اور افراد کی سطح پر ازسر نو تشکیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: ”ترقی کے محرک کے طور پر اے آئی کا استعمال ہی سب کے لیے عالمی خوشحالی کا واحد راستہ ہے۔“ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار پیش رفت کے لیے مضبوط قیادت، عالمی معیارات، افرادی قوت کی تبدیلی (ورک فورس ٹرانسفارمیشن) اور اس عزم کی ضرورت ہوگی کہ اے آئی ترقی کو فروغ دے، مگر انسان کو قیادت کی مرکزی حیثیت میں برقرار رکھے۔

اجتماعی طور پر چاروں کلیدی خطابات نے اے آئی کے موجودہ دور کے بنیادی تناؤ یعنی ایک طرف غیر معمولی تکنیکی تیز رفتاری اور دوسری جانب ذمہ داری، شمولیت اور عالمی تعاون کی فوری ضرورت پر روشنی ڈالی۔ سپر انٹیلیجنس اور خود مختار صلاحیت سے لے کر انفراسٹرکچر، مہارت سازی اور سماجی اثرات تک، رہنماؤں نے ایک مشترکہ اصول پر اتفاق کیا کہ اے آئی کو خلیج کو گہرا نہیں بلکہ کم کرنا چاہیے؛ طاقت کو مرتکز نہیں بلکہ مواقع کو وسیع کرنا چاہیے اور آخر میں اسے انسانی اقدار، جمہوری اداروں اور با مقصد قیادت کے مطابق تشکیل دیا جانا چاہیے۔