شامی اور ترک افواج کے مابين جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہيں۔ يہ جھڑپيں ترک سرحد سے متصل شہر راس العين ميں اتوار کو ہوئيں۔ فی الحال ان جھڑپوں ميں جانی و مالی نقصان کی تفصيلات سامنے نہيں آئی ہيں۔ اسی دوران ترک فوج کی جانب سے دعوی کيا گيا ہے کہ راس العين ہی کے علاقے ميں کردوں نے انہيں نشانہ بنايا۔ اس حملے ميں ايک ترک فوجی ہلاک اور پانچ ديگر زخمی ہو گئے ہيں۔ يہ چھڑپيں فائر بندی کے اس معاہدے کے باوجود ہوئی ہيں، جو روس کی ثالثی ميں کردوں کے انخلاء کے ليے طے کيا گيا تھا اور جس کی مدت آئندہ منگل کو ختم ہو رہی ہے۔
شمالی شام ميں کارروائی، نو افراد ہلاک
شام کے شمال مغربی حصے ميں ايک فوجی کارروائی ميں کم از کم نو افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ سيريئن آبزرويٹری فار ہيومن رائٹس کے مطابق جس وقت ہيلی کاپٹر کی مدد سے يہ فضائی حملہ کيا گيا، اس وقت اسلامک اسٹيٹ یا داعش کے ارکان جائے وقوعہ پر موجود تھے۔ انسداد دہشت گردی کی يہ کارروائی ادلب ميں بريشا کے ديہات کے ايک مکان پر کی گئی۔