Last Updated on November 7, 2026 11:30 pm by INDIAN AWAAZ

سلمان خان نے اپنی فلم ’ماتربھومی‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ ہدایت کار اپوروا لاکھیا کی یہ فلم 4 دسمبر کو سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

فلم کی کہانی 2020 میں لداخ کی وادیِ گلوان میں بھارتی اور چینی افواج کے درمیان ہونے والے فوجی تصادم سے متاثر ہے۔ فلم کی ریلیز میں تاخیر کے حوالے سے سلمان خان نے بتایا کہ ٹیم بصری اثرات یعنی وی ایف ایکس اور گرافکس کو اعلیٰ معیار پر تیار کرنا چاہتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کل وی ایف ایکس کے ماہرین فلم کے ہر فریم کو باریک بینی سے دیکھتے ہیں، اس لیے ٹیم نہیں چاہتی تھی کہ تکنیکی خامیوں کی نشاندہی ہو۔ سلمان خان کے مطابق فلم کو اس انداز میں تیار کیا جارہا ہے کہ اس کے مناظر ناظرین کو حیران کردیں۔

اداکار نے مزید بتایا کہ فلم کی ایک اداکارہ کے زخمی ہونے کے باعث بھی شوٹنگ کا شیڈول متاثر ہوا۔ اس کی ریلیز پہلے جنوری، پھر جون اور اگست کے لیے زیر غور رہی، تاہم اب اسے دسمبر میں پیش کیا جائے گا۔

فلم کا ابتدائی نام ’بیٹل آف گالوان‘ تھا، جسے بعد میں تبدیل کرکے ’ماتربھومی‘ کردیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان فلم میں 16 بہار ریجمنٹ کے کرنل بکوملا سنتوش بابو کا کردار ادا کررہے ہیں، جو چینی فوج کے ساتھ تصادم میں ہلاک ہوئے تھے۔

سلمان خان نے گزشتہ برس اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر فلم کا ٹیزر جاری کیا تھا۔