کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کے چیئرمین لی کُن ہی 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کا انتقال سیؤل کے ایک ہسپتال میں آج اتوار کے روز ہوا۔ چھ برس قبل ہارٹ اٹیک کے بعد سے لی کُن ہی ہسپتال میں داخل تھے اور چلنے پھرنے سے قاصر تھے۔ فوربز میگزین کے مطابق لی کُن ہی 2009ء کے بعد سے کوریا کے امیر ترین شخص تھے اور ان کی دولت اندازاً 20 بلین ڈالرز سے زیادہ ہے۔ 1942ء میں پیدا ہونے والے لی نے سام سنگ کمپنی کے بانی اپنے والد کی وفات کے بعد 1987ء میں اس کمپنی کی قيادت سنبھالی تھی۔