
دنیا کے سامنے دہشت گردی کے خلاف بھارت کا موقف رکھنے کے مقصد سے بنائے گئے کثیر پارٹی وفود نے آج متحدہ عرب امارات، جاپان اور روس کا دورہ کیا۔ JDU کے ممبر پارلیمنٹ سنجے جھا کی قیادت میں جاپان کیلئے بھارت کے کُل پارٹی وفد نے ٹوکیو میں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی LDP کے انسدادِ دہشت گردی سے متعلق تحقیقی کمیٹی کے کارگزار صدر نشیں اور محکمہ انصاف کے سابق وزیر یاسو ہیرو ہاناشی سے ملاقات کی۔ اِس وفد نے دہشت گردی کی سبھی قسموں کے خلاف بھارت کے متحدہ اور مضبوط موقف کو اجاگر کیا۔ دونوں ملکوں نے دہشت گردی کے خلاف قطعی برداشت نہ کرنے کے اندازِ نظر کا اعادہ کیا۔ٹوکیو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جناب جھا نے کہا کہ کسی بھی قسم کی دہشت گردانہ کارروائی کا جواب مضبوط اور مصمم فوجی کارروائی سے دیا جائے گا۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت نیوکلیائی بلیک میل کو تسلیم نہیں کرے گا۔
شیوسینا کے ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر شری کانت شندے کی قیادت والے اعلیٰ سطح کے ایک اور وفد نے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور میڈیا اہلکاروں کے ساتھ اعلیٰ سطح کی کئی میٹنگیں کیں تاکہ دہشت گردی کے سلسلے میں بھارت کے قطعی برداشت نہ کرنے کے موقف کو اجاگر کرسکیں۔ متحدہ عرب امارات میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اب دنیا کو پاکستان کا حقیقی چہرہ دکھانا بہت ضروری ہوگیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی ایسا ملک نہیں ہے جسے دہشت گردی کی لعنت سے نقصان نہ اٹھانا پڑا ہو۔DMK کی ممبر پارلیمنٹ کنی موزی کرناندھی کی قیادت والے ایک اور کُل پارٹی وفد نے آج روس میں بین الاقوامی امور کی کمیٹی کے اوّل نائب صدر نشیں Andrey Denisov سے ملاقات کی۔ روس کی طرف سے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ روس دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے عمل میں بھارت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔
