وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سرکار جنگ سے تباہ حال یوکرین میں پھنسے ہوئے بھارتیوں کو واپس لانے کے لئے چوبیس گھنٹے کام کررہی ہے۔ ایک ہندی روزنامہ کو دئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سرکار ہر ایک بھارتی کو بحفاظت گھر واپس لانے کو یقینی بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑرہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کچھ جگہوں پر موسم کی خرابی کی وجہ سے پریشانیاں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ سرکار اُن علاقوں سے بھارتی طلبا اور دوسرے لوگوں کو واپس لانے کو فوقیت دے رہی ہے، جہاں بڑے پیمانے پرتصادم ہورہے ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ انہوں نے بذات خودکئی ملکوںکے سربراہوں سے بات کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس مشن سے وابستہ تمام وزارتیں پوری تندہی کے ساتھ کام کررہی ہیں۔ وزیراعظم نے روزنامہ کو بتایا کہ ریگولر پروازوں کے علاوہ ہم نے بھارتیوں کو نکالنے کے لئے بھارتیہ فضائیہ کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔