AMN

صحت کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومکرون کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے بہت سے احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں۔
کووڈ وبا کے بارے میں لوک سبھا میں ایک زبردست مباحثے کے دوران 90 منٹ کے اپنے جواب میں جناب مانڈویا نے کہاکہ اومکرون کے انفیکشن والے دوکیسز، بنگلورو میں پائے گئے ہیں جن میں سے ایک شخص جنوبی افریقہ کا سفر کرکے آیا ہے اور دوسرے شخص کا تعلق بنگلورو سے ہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں کیسز میں اِن مریضوں کے رابطے میں آنے والے لوگوں کا پتہ لگالیا گیا ہے اور اِن لوگوں کے کووڈ کی صورتحال کا بھی جائزہ لے لیا گیاہے۔
انہوں نے کہاکہ اِن میں سے جن لوگوں کا ٹیسٹ کیے جانے کے بعد انہیں متاثر پایا گیا ہے اُن کے وائرس کے نمونوں کی Genome Sequencing کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ کورونا کی یہ نئی قسم 25 نومبر تک 25 مختلف ملکوں میں پائی گئی ہے۔
کووڈ کی روک تھام کیلئے بوسٹر ڈوز دینے کے سوال پر وزیرموصوف نے کہاکہ اِس سے متعلق کوئی فیصلہ کرنے کیلئے ماہرین کے گروپ کی رائے کو مد نظر رکھا جائے گا۔
ڈاکٹر مانڈویا نے کہاکہ ملک کے ہر ایک ضلعے میں کم سے کم پچاس بستروں کی سہولت مہیا کی جائے گی تاکہ وبائی اور دیگر بیماریوں کا علاج کیا جاسکے۔ اِس کے ساتھ ساتھ یہاں 115 طریقے کے دیگر ٹیسٹ بھی کیے جاسکیں گے۔