Welcome to The Indian Awaaz   Click to listen highlighted text! Welcome to The Indian Awaaz

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت اِس مہینے کی 16تاریخ کو دنیا کے سب سے بڑے ٹیکہ کاری کے پروگرام کا آغاز کررہا ہے ۔ کل شام تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے جناب مودی نے کووڈ انیس کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ٹیکہ کاری کے پروگرام کو شروع کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دو ویکسین ، کووی شیلڈ اور کو ویکسین کو ، جو بھارت میں تیار کی گئی ہیں، ایمرجنسی استعمال کی اجازت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ویکسین سستی ہیں ۔ ان دو ویکسین کے علاوہ چار دیگر ویکسین تیاری کے مرحلے میںہیں ۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ کووڈ۔انیس کے لیے ٹیکہ کاری کا عمل تقریباً پچاس ملکوں میں پچھلے تین سے چار ہفتوں سے جاری ہے اور اب تک صرف تقریباً ڈھائی کروڑ لوگوں کو ٹیکہ لگایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت اگلے چند مہینوں میں تیس کروڑ لوگوں کو ٹیکہ لگانے کا نشانہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ویکسین صحت کارکنوں اور صف اول کے دیگر کارکنوں کو دی جائے گی۔ جن کی تعداد تقریباً تین کروڑ ہے۔وزیر اعظم نے اعلان کیاکہ پہلے مرحلے میں ٹیکہ لگانے کی لاگت مرکزی حکومت برداشت کرے گی اور ریاستی سرکاروں کو اِس کا خرچ برداشت نہیں کرنا پڑے گا۔
دوسرے مرحلے میں 50 سال سے زیادہ عمر والوں کو اور 50 سال سے کم عمر لیکن مختلف بیماریوں سے متاثر افراد کو یہ ٹیکہ لگایا جائے گا ۔
جناب مودی نے کہا کہ ماہرین نے ہم وطنوں کو موثر ٹیکہ فراہم کرنے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کووڈ ویکسین کا کوئی سائڈ افیکٹ یا مضر اثر سامنے آتا ہے تو اُس صورت میں مریضوں کیلئے حکومت نے تمام تیاریاں کررکھی ہیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ریاستوں اور مرکز کے درمیان تبادلہ خیال اور تعاون سے کووڈ کے خلاف لڑائی میں بہت مدد ملی ہے اور ہم نے وفاق کی ایک اچھی مثال پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ٹیکہ کاری کے پروگرام سے متعلق افواہوں کو پھیلنے سے روکا جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکہ کاری کی اِس مہم کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ اُن لوگوں کی نشاندہی اور نگرانی کی جائے ، جنہیں ٹیکے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اِس کیلئے Co-Win ڈجیٹل پلیٹ فارم تیار کیا گیا ہے ۔
ملک کے مختلف حصوں میں برڈ فلو کی صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ایک خاکے کو حتمی شکل دی ہے، جس پر جلد سے جلد عمل کیے جانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضلع مجسٹریٹس بھی اس بیماری کو پھیلنے سے روکنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ بھارت نے وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ کی قیادت کے تحت کووڈ۔ سے نمٹنے میں زیادہ تر دوسرے ملکوں کے مقابلے بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔

Click to listen highlighted text!