26 اپوزیشن جماعتوں نے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس-این ڈی اے کے خلاف لوک سبھا انتخابات لڑنے کے لیے انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس-انڈیا تشکیل دیا ہے۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے آج بنگلور میں اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ کے بعد اس کا اعلان کیا۔

نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر کھرگے نے کہا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں یہ اتحاد این ڈی اے سے مقابلہ کرے گا۔ اجلاس کی قراردادوں کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اتحاد کا اگلا اجلاس ممبئی میں ہوگا۔

میٹنگ میں 11 رکنی رابطہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا جائے گا جس کے تحت لوک سبھا انتخابات لڑے جائیں گے۔ ان ارکان میں سے ایک کوآرڈینیٹر کا بھی انتخاب کیا جائے گا۔ اتحاد کے لیے انتخابی مہم کی حکمت عملی اور مشترکہ کم از کم پروگرام تیار کرنے کے لیے دہلی میں ایک سیکریٹریٹ قائم کیا جائے گا۔ آج بنگلور میں اپوزیشن لیڈروں کی میٹنگ کے دوران موجود لیڈروں میں سونیا گاندھی، راہول گاندھی، ممتا بنرجی، اروند کیجریوال، نتیش کمار، شرد پوار، ادھو ٹھاکرے اور لالو پرساد شامل تھے۔