فیس بک کا ٹوئٹر جیسا روپ


فیس بک کی مالک کمپنی ’میٹا‘ نے تصدیق کی ہے کہ وہ مائکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر جیسا پلیٹ فارم بنانے میں مصروف ہیں، جسے جلد ہی متعارف کرادیا جائے گا۔اس سے قبل میٹا نے سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر ٹوئٹر کو ٹکر دینے کے لیے فیچرز متعارف کرائے تھے، تاہم وہ لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔اب کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ اس کے ماہرین ٹوئٹر جیسا پلیٹ فارم بنانے میں مصروف ہیں، تاہم ابھی ان کا کام ابتدائی مراحل میں ہے۔ ’بی بی سی‘ کے مطابق میٹا کے ترجمان نے بیان میں تصدیق کی کہ کمپنی ڈی سینٹرلائیزیشن ٹیکنالوجی پر مبنی پلیٹ فارم بنانے پر کام کر رہی ہے۔ترجمان کے مطابق پلیٹ فارم پر کام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اسے پیش کرنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔اس سے قبل گزشتہ ہفتے ’پلیٹ فارمر‘ نے خبر دی تھی کہ فیس بک کی مالک کمپنی ٹوئٹر کو ٹکر دینے کے لیے مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ بنانے میں مصروف ہے۔مختلف ٹیکنالوجی ویب سائٹس نے اپنی رپورٹس میں بتایا تھا کہ میٹا کے ماہرین کی ٹیم کی سربراہی انسٹاگرام بنانے والے شخص کر رہے ہیں اور ماہرین کو مارک زکربرگ نے تیزی سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ میٹا کی جانب سے ٹوئٹر کو ٹکر دینے کے لیے بنائی جانے والی ویب سائٹ بلکل ٹوئٹر جیسی نہیں ہوگی، تاہم اس کے مرکزی فیچرز ٹوئٹر جیسے ہی ہوں گے۔میٹا پہلے ہی دوسرے پلیٹ فارمز کے فیچرز کاپی کرنے کی وجہ سے بدنام ہے، فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر کئی ایسے فیچرز پیش کیے جا چکے ہیں جو کہ پہلے دوسرے پلیٹ فارمز جیسا کہ ٹوئٹر، اسنیپ چیٹ اور ٹک ٹاک کا حصہ تھے۔خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فیس بک کی جانب سے مذکورہ پلیٹ فارم آئندہ سال تک متعارف کرایا جائے گا اور ممکنہ طور پر مذکورہ پلیٹ فارم ٹوئٹر کو سخت ٹکر دے گا۔
رپورٹس کے مطابق اس وقت میٹا جس پلیٹ فارم کو تیار کرنے میں مصروف ہیں، اس کا کوڈنگ نام ’پی 92‘ ہے لیکن اس کا اصلی نام کچھ اور رکھا جائے گا۔

2
پیلے رنگ کے آئی فون
ایپل کمپنی نے صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے خوبصورت اور شوخ پیلے رنگ کا آئی فون 14 اور 14 پلس متعارف کروادیا۔کمپنی کی جانب سے کچھ روز قبل آئی فون 14 اور 14 پلس متعارف کروایا گیا جس کی بکنگ کھول دی گئی ہے۔اس پیلے رنگ کے آئی فون کے فیچرز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، صارفین کے لیے اچھی بات یہ ہے کہ اس کی قیمت عام آئی فون 14 اور 14 پلس والی ہی مقرر کی گئی ہے۔یہ آئی فون امریکا، چین، فرانس اور بھارت سمیت 60 سے زائد ممالک کے لیے دستیاب ہوں گے۔آئی فون 14 کی قیمت 799 امریکی ڈالر اور آئی فون 14 پلس کی قیمت 899 امریکی ڈالر ہے۔6.1 انچ کے آئی فون 14 اور 6.7 انچ کے آئی فون 14 پلس میں پانی اور دھول سے بچنے والا فون کوور بھی موجود ہے جو آئی فون کو خراب ہونے سے محفوظ رکھتا ہے۔دونوں ماڈلز میں او ایل ای ڈی ٹیکنالوجی کے ساتھ ایک خوبصورت ڈسپلے شامل ہے، اس کے علاوہ اس کی بیٹری کئی گھنٹے تک چل سکتی ہے۔2017 اور 2019 میں کمپنی کی جانب سے لال رنگ کے آئی فون 7 اور آئی فون 8 متعارف کرایا گیا تھا، 2021 میں جامنی رنگ کے آئی فون 12 اور گزشتہ برس سبز رنگ کے آئی فون 13 اور 13 پرو متعارف کرایا گیا تھا۔صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے کمپنی آئی فون کے مختلف رنگ کے آئی فون متعارف کرتی ہے۔قبل ازیں گزشتہ برس ستمبر میں مڈ نائٹ، اسٹار لائٹ، نیلے، جامنی اور سرخ رنگوں میں متعارف کرایا تھا۔


بہترین کیمرا سے لیس ون پلس 11
موبائل کمپنی ون پلس نے اپنا اب تک کا سب سے بہترین کیمرے کا حامل موبائل ون پلس 11 متعارف کرادیا، جس میں سونی کمپنی کی ٹیکنالوجی کے کیمرے دیے گئے ہیں۔ون پلس 11 کو 7۔6 انچ کی ایمولیڈ اسکرین کے ساتھ پیش کیا گیا ہے اور اس میں کلرز اور گرافکس ٹیکنالوجی کو اپگریڈ کردیا گیا ہے۔اینڈرائیڈ 13 کے آپریٹنگ سسٹم کے حامل موبائل میں اسنیپ ڈریگن 8 جنریشن 2 کا پراسیسر دیا گیا ہے، جس سے کیمرے کی کارکردگی کو بہتر بنایا گیا ہے۔فون میں متعدد ایسے فیچرز دیے گئے ہیں جنہیں کمپنی نے اپنے آخری متعارف کرائے گئے فون ون پلس 10 ٹی میں نہیں دیا تھا۔پانچ ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری کے ساتھ موبائل میں 100 واٹ کا فاسٹ چارجر دیا گیا ہے، تاہم فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس میں وائرلیس چارجر دیا گیا ہے یا نہیں؟فون کو مختلف میموری ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے اور اسے 8، 12 اور 16 جی بی میں متعارف کرایا گیا ہے۔اسی طرح فون میں 256 اور 512 جی بی میموری دی گئی ہے جب کہ اس میں الگ سے میموری کارڈ بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔فون کی ٹیکنالوجی اور پراسیسر کو اس قدر بہتر بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے کہ فون پر آرام سے گھنٹوں تک ویڈیو گیمز کھیلی جا سکتی ہیں۔فون کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں کیمرا کی ٹیکنالوجی کو اپگریڈ کرکے اس میں کیمرا بنانے والی کمپنی سونی کی ٹیکنالوجی سے لیس سینسر دیے گئے ہیں۔ون پلس 11 کے بیک پر تین کیمرے دیے گئے ہیں،جس میں سے مین کیمرا 50، دوسرا 48 جب کہ تیسرا 36 میگا پکسل کا ہے۔