Welcome to The Indian Awaaz   Click to listen highlighted text! Welcome to The Indian Awaaz

وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں کووڈ انیس عالمی وباءکی صورتحال اور ویکسین کی تقسیم اور انتظام کی تیاریوں کا آج جائزہ لیا ۔ جناب مودی نے کووڈ کے نئے معاملوں میں مسلسل کمی کا نوٹس لیا ۔ بھارت میں تین ویکسین تیاری کے کافی اگلے مرحلے میں ہیں ۔ اِن میں سے دو ، دوسرے مرحلے میں اور ایک تیسرے مرحلے میں ہے ۔ بھارتی سائنسدانوں اور محققین کی ٹیمیں ہمسایہ ملکوں ، افغانستان ، بھوٹان ، بنگلہ دیش ، مالدیپ ، ماریشس ، نیپال اور سری لنکا میں تحقیقی صلاحیتوں کے ساتھ اشتراک کررہی ہیں اور انہیں مستحکم کررہی ہیں ۔ بنگلہ دیش ، میانما ، قطر اور بھوٹان نے مزید درخواست کی ہے کہ اُن کے ملک میں طبی آزمائش کی جائے ۔ عالمی برادری کی مدد کرنے کی غرض سے وزیر اعظم نے مزید ہدایت دی کہ ملک کو اپنی کوششوں کو اپنے ہمسایوں تک محدود نہیں رکھنا چاہیئے بلکہ ویکسین اور دواوں کی فراہمی اور ویکسین کی تقسیم سے متعلق نظام کیلئے IT پلیٹ فارم کے سلسلے میں پوری دنیا تک پہنچنا چاہیئے۔  کووڈ انیس کیلئے ویکسین کے انتظام سے متعلق ماہرین کے قومی گروپ نے ریاستی سرکاروں اور سبھی متعلقہ فریقوں کے صلاح و مشورے سے ویکسین کے ذخیرے ، تقسیم اور انتظام سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی ہے ۔ وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ ملک کی جغرافیائی وسعت اور تنوع کو ذہن میں رکھتے ہوئے ویکسین تک رسائی کو تیزی سے یقینی بنایا جانا چاہیئے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ویکسین کی تقسیم اور انتظام کے سلسلے میں ہر قدم پوری تندہی سے اٹھایا جانا چاہیئے ۔ جناب مودی نے کہا کہ کورونا وائرس عالمی وباءکے دوران بھی کامیابی کے ساتھ چناو کرائے جانے اور آفات کے بندوبست کے تجربوں کو ملک میں ویکسین کی تقسیم کا ایک مستحکم نظام قائم کرنے کیلئے استعمال کیا جانا چاہیئے ۔ وزیر اعظم نے کووڈ کے معاملوں میں روزانہ کمی آنے کے پیش نظر ڈھیل کے خلاف خبردار کیا اور عالمی وباءکی روک تھام کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا ۔ انہوں نے آپس میں دوری بنائے رکھنے ، ماسک لگانے ، ہاتھوں کو بار بار دھونے اور خاص طور سے آنے والے تہواروں کے موسم کے پیشِ نظر صفائی ستھرائی کا خیال رکھنے پر زور دیا ۔میٹنگ میں مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن ، وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری ، نیتی آیوگ کے ممبر ، پرنسپل سائنسی مشیر ، سینئر سائنسدانوں ، PMO اور دوسرے سرکاری محکموں کے افسروں نے شرکت کی ۔ 

Click to listen highlighted text!