فرانس نے آج خبردار کیا ہے کہ شام میں پرتشدد واقعات میں شدت پیدا ہونے سے رواں ہفتے کے دوران شروع ہونے والے امن مذاکرات پٹری سے اتر سکتے ہیں۔ شامی حکومت نے حلب اور غوطہ کے علاقوں میں بھاری عسکری کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور پیرس حکومت کے مطابق یہ جنگ بندی کی ڈیل کی منافی ہیں اور عالمی کوششوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ امریکا نے بھی اِس صورت حال پر تشویش ظاہر کی ہے۔ شامی امن مذاکرات کا سلسلہ کل بدھ سے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں شروع ہو رہا ہے۔ اِس مذاکراتی راؤنڈ کے شروع ہونے کی تصدیق شام کے لیے اقوام متحدہ کے مستقل مندوب اسٹیفان ڈے مستورا نے بھی کی ہے۔