وزیرخزانہ نرملا سیتارمن نے کہا ہے کہ سرکار کے صحیح نظریہ کی وجہ سے بھارتی معیشت کی صورتحال دوسرے ملکوں کے مقابلے میں بہتر ہے۔ محترمہ سیتارمن بنگلورو میں مفکرین کے فورم کے ذریعہ منعقدہ Interaction with Intellectual یعنی مفکرین کے ساتھ بات چیت کے ایک پروگرام میں اظہارِخیال کررہی تھیں۔ اُنھوں نے کہا کہ عالمی برادری نے کووڈ وبا اور روس-یوکرین تنازع کے درمیان بھارت کی اُس کے کامیاب سفر پر ستائش کی ہے۔ کووڈ19- کے معاشی اثرات پر وزیرخزانہ نے کہا کہ وبا کے دوران مغربی ملکوں کے ذریعہ اختیار کئے گئے طور طریقوں نے اُن کی معیشت کو پریشانی سے دوچار کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ کووڈ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مزید کرنسی کی چھپائی اور عوام کے درمیان اِس کی تقسیم جیسے اُن کے فارمولے اب اُن کی معیشت کیلئے نقصان دہ ثابت ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ سرکار آربی آئی اور وزارت کے ساتھ مل کر Ponzi ایپ پر کارروائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سخت محنت سے کمائی گئی رقم کی تحفظ کیلئے عوام کو سخت چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ ڈجیٹل یا کرپٹو کرنسی کے نظم وضبط پر اظہارخیال کرتے ہوئے محترمہ سیتارمن نے کہا کہ اِس پر کنٹرول کیلئے تمام ملکوں کو ایک ساتھ آنا ہوگا ورنہ کوششیں موثر نہیں ہوں گی