سرکاری ایجنسیوں نے سمندری طوفان بپراجوئے کے کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کےلئے سبھی تیاریاں کرلی ہیں، اِس طوفان کا گجرات کے کَچھ ضلعے میں جھَکاو بندرگاہ کے نزدیک آنے کا امکان ہے۔
حکومت کی ایجنسیوں نے سمندری طوفان بپراجوئے سے پیدا ہونے والے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری تیاریاں کرلی ہیں۔سمندری طوفان ایک بہت شدید سمندری طوفان کے طور پر جمعرات کی دوپہر کو گجرات کے کَچھ ضلعے میں بندرگاہ کے نزدیک پہنچنے کا امکان ہے۔ بھارت کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اِس بات کا امکان ہے کہ گجرات کے ساحلی ضلعوں میں کَل اور پرسوں شدید بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات میں سینئر سائنسداں آر کے جینامنی نے کہا ہے کہ کَچھ، دیو بھومی دوارکا، جام نگر ، پور بندر، راجکوٹ ، موربی اور جوناگڑھ ضلعوں میں شدید سے بہت شید بارش ہونے کا امکان ہے۔
کَل وزیر اعظم نریندر مودی نے آنے والے سمندری طوفان بپراجوئے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مرکز اور گجرات سرکار کے تحت وزارتوں اور ایجنسیوں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کی خاطر ایک میٹنگ کی صدارت کی تھی۔
جناب مودی نے افسروں کو ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت دی تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ خطرے والے مقامات میں رہنے والے لوگوں کو ریاستی سرکار کی جانب سے بحفاظت نکالا جاسکے۔ انہوں نے انہیں یہ بھی ہدایت کی کہ وہ بجلی ، ٹیلی مواصلات ، صحت اور پینے کے پانی سمیت تمام لازمی خدمات کو برقرار رکھنے کو یقینی بنائیں۔
انھوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ اس طرح کی تمام خدمات میں اگر کوئی خلل پڑتا ہے تو بھی انہیں بحال کیاجائے۔
مرکزی وزارت داخلہ بھی ساتوں دن چوبیس گھنٹے صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور وہ ریاستی سرکار کے ساتھ ساتھ متعلقہ مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔ NDRF نے پہلے سے ہی 12 ٹیمیں تعینات کی ہیں جو کشتیوں ، درخت کاٹنے والے اوزار ،ٹیلی کام آلات اور دیگر چیزوں سے لیس ہیں۔ اُس نے 15 ٹیمیں بھی تیار رکھی ہیں۔
بھارتی ساحلی محافظ اور بحریہ نے راحت ، تلاشی اور بچاﺅ کارروائیوں کیلئے جہاز اور ہیلی کاپٹرس تعینات کئے ہیں۔ فوج کی فضائیہ اور انجینئر ٹاسک فورس یونٹس ،کشتیوں اور راحتی آلات کے ساتھ پوری طرح تیار ہیں۔
نگرانی کرنے والے طیارے اور ہیلی کاپٹرس ساحلوں پر نگرانی کررہے ہیں۔ آفات سے نمٹنے والی راحتی ٹیمیں اور فوج بحریہ اورساحلی گارڈ کی میڈیکل ٹیموں کو بھی تیار رکھا گیاہے۔
کابینہ سکریٹری راجیو Gauba کی صدارت میں بحران سے نمٹنے والی قومی کمیٹی نے بھی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ گجرات کے چیف سکریٹری نے اُن تیاری اقدامات کے بارے میں جانکاری دی جو سمندری طوفان کے متوقع راستے میں آبادی کو بچانے کیلئے کئے جارہے ہیں اور مقامی انتظامیہ کی طرف سے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری، کابینہ سکریٹری اور دیگر سینئر افسروں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔