اٹلی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر متعارف کرائے گئے نئے حکومتی اقدامات کے خلاف عوامی سطح پر احتجاج کیے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ میلان اور ٹورین میں ایسے ہی مظاہرے پرتشدد رنگ اختیار کر گئے۔ اٹلی میں صرف اتوار کے دن ہی کورونا کے بیس ہزار نئے کیس ریکارڈ کیے گئے تھے، جس کے بعد حکومت نے رات کا کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کووڈ کی پہلی لہر میں بھی اٹلی بہت بری طرح متاثر ہوا تھا۔

جرمنی میں کووڈ انیس کے کیسوں میں اضافہ، حکومت پریشان

جرمن وزیرخزانہ اولاف شولش نے ملک میں کووڈ انیس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو برلن میں انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کو روکنے کی خاطر وفاقی سطح پر مربوط حکمت عملی بنانا ہو گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک بھر میں اضافی اقدامات کیے جانا چاہییں، جن پر تمام صوبے عملدرآمد کریں۔ شولش کے بقول آئندہ کچھ ہفتے اس تناظر میں انتہائی اہم ہیں۔