AMN
حکومت نے پین نمبر کو آدھار سے جوڑنے کی آخری تاریخ ٣٠ ستمبر تک بڑھا دی ہے۔ خزانے کے وزیر مملکت انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ انکم ٹیکس دہندگان کو ایک اور راحت یہ دی گئی ہے کہ کسی رہائشی مکان پر سرمایہ لگانے کیلئے ٹیکس کٹوتی کے وقت میں، تین مہینے سے بھی زیادہ توسیع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پین کو آدھار سے جوڑنے کے لئے مقرر کی گئی مدت میں 30 ستمبر تک اضافہ کر دیا ہے۔ یہ توسیع، بغیر سود کے،وِواد سے وِشواس کے لئے 31 اگست تک دی گئی تھی۔ جناب ٹھاکر نے یہ اعلان بھی کیا کہ ٹی ڈی ایس داخل کرنے کی آخری تاریخ ٣٠ جون سے بڑھا کر ١٥ جولائی کر دی گئی ہے۔حکومت نے کووڈ اُنیس علاج پر ہونے والے اخراجات اور کووڈ اُنیس کی وجہ سے ہونے والی اموات کے بعد دی جانے والی امدادی رقم کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔ خزانے کے وزیر مملکت انوراگ ٹھاکر نے بتایا کہ بہت سے ٹیکس دہندگان نے کووڈ اُنیس پر آنے والے اخراجات کے لئے اپنے آجروں اور خیر خواہوں سے مالی مدد حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اِس بات کو یقینی بنانے کےلئے کہ اِس مَد پر کوئی انکم ٹیکس نہیں دینا پڑے گا، یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ مالی سال 2019-20 کے دوران کووڈ اُنیس کے علاج کے مقصد سے، آجر یا کسی بھی شخص سے،کسی بھی ٹیکس دہندہ کی طرف سے حاصل کی گئی رقم کو، انکم ٹیکس سے مستثنیٰ کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ 2019-20 کے دوران اور اِس کے بعد کے برسوں میں بھی کووڈ اُنیس کی وجہ سے موت ہو جانے کی صورت میں مرنے والے کے آجر یا دیگر کسی شخص سے، کنبے کے ارکان کی طرف سے لی گئی امدادی رقم کو بھی انکم ٹیکس سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔