Last Updated on January 20, 2026 12:26 am by INDIAN AWAAZ

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج نئی دہلی میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ وفد سطح کی بات چیت کی۔ اس ملاقات کے دوران بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دفاع، خلاء، توانائی، سپر کمپیوٹنگ اور فوڈ سیفٹی کے شعبوں میں کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

میٹنگ کے نتائج پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے خارجہ سکریٹری وکرم مصری نے کہا کہ اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری اور خلائی انفراسٹرکچر کی ترقی اور اس کی تجارتی کاری سے متعلق مشترکہ اقدامات کے لیے معاہدے طے پائے ہیں۔

مسٹر مصری نے بتایا کہ گجرات کے دھولیرا میں خصوصی سرمایہ کاری خطے کی ترقی میں متحدہ عرب امارات کی شراکت کے لیے بھی معاہدہ کیا گیا ہے۔

خارجہ سکریٹری نے کہا کہ بھارت اور متحدہ عرب امارات نے بھارت میں ایک سپر کمپیوٹنگ کلسٹر کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے 2032 تک دوطرفہ تجارت کو بڑھا کر 200 ارب امریکی ڈالر کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔

مسٹر مصری کے مطابق وزیر اعظم مودی اور متحدہ عرب امارات کے صدر نے سرحد پار دہشت گردی سمیت دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر کی سخت مذمت کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی ملک دہشت گردی کی مالی معاونت، منصوبہ بندی، حمایت یا اس میں ملوث عناصر کو محفوظ پناہ گاہ فراہم نہ کرے۔

دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف کارروائی اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کو مضبوط بنانے کے لیے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے فریم ورک کے تحت تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس کے ساتھ ہی مائیکرو، اسمال اور میڈیم سیکٹر انٹرپرائزز کو جوڑنے کے لیے ٹیموں کو کام کرنے کی ہدایت دی گئی۔

متحدہ عرب امارات کے صدر آج شام نئی دہلی پہنچے۔ ایک خصوصی خیرسگالی اشارے کے طور پر وزیر اعظم مودی نے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا ہوائی اڈے پر استقبال کیا۔


سپریم کورٹ نے آج الیکشن کمیشن کو ہدایت دی کہ مغربی بنگال میں جاری خصوصی گہری نظرثانی (SIR) کے دوران منطقی تضادات کی فہرست میں شامل ووٹروں کے نام ظاہر کیے جائیں۔

عدالت عظمیٰ ریاست میں جاری SIR مشق میں من مانی اور طریقہ کار کی بے ضابطگیوں کے الزامات سے متعلق عرضیوں کی سماعت کر رہی تھی۔

عدالت نے نوٹ کیا کہ ریاست میں ایک کروڑ پچیس لاکھ ووٹرز منطقی تضادات کی فہرست میں شامل ہیں اور الیکشن کمیشن کو ہدایت دی کہ ان کے نام گرام پنچایت بھونوں اور بلاک دفاتر میں آویزاں کیے جائیں، جہاں دستاویزات اور اعتراضات بھی جمع کرائے جائیں گے۔


بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے رواں مالی سال کے لیے بھارت کی اقتصادی ترقی کی شرح بڑھا کر 7.3 فیصد کر دی ہے۔ ایک رپورٹ:

اپنی تازہ ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ میں آئی ایم ایف نے کہا کہ تیسرے سہ ماہی میں کارپوریٹ آمدنی توقع سے بہتر رہی اور چوتھی سہ ماہی میں مضبوط رفتار کے پیش نظر بھارت کی ترقی کی پیش گوئی میں 0.7 فیصد پوائنٹ کا اضافہ کیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف نے اشارہ دیا کہ عالمی معیشت نے ٹیرف سے متعلق فوری جھٹکوں کے اثرات کو بڑی حد تک جذب کر لیا ہے۔ اپنی گزشتہ اسٹاف رپورٹ میں آئی ایم ایف نے مالی سال 2025-26 کے لیے بھارت کی ترقی کی شرح 6.6 فیصد بتائی تھی، جبکہ مالی سال 2026-27 کے لیے 6.4 فیصد ترقی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ممبئی-احمد آباد بلٹ ٹرین منصوبے میں پیش رفت:

ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے آج کہا کہ ممبئی-احمد آباد بلٹ ٹرین منصوبے میں مستقل پیش رفت ہو رہی ہے اور کوریڈور کے ساتھ اوورہیڈ الیکٹریفکیشن ماسٹس کی تنصیب تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں مسٹر ویشنو نے کہا کہ یہ پیش رفت ملک کے پہلے ہائی اسپیڈ ریل نظام کے لیے برقی ٹریکشن کو فعال بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور ’میک اِن انڈیا‘ اقدام کے تحت زمینی سطح پر مستقل عمل درآمد کی عکاسی کرتی ہے۔

اس سے قبل وزیر نے بتایا کہ بھارت نے گزشتہ سال 47 ارب امریکی ڈالر کی ریکارڈ الیکٹرانکس برآمدات حاصل کیں، جن میں سے تقریباً 30 ارب ڈالر پروڈکشن لنکڈ انسینٹیو کے تحت اسمارٹ فون برآمدات سے حاصل ہوئے۔


ورلڈ اکنامک فورم کا آغاز آج ڈاووس میں

سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈاووس میں ورلڈ اکنامک فورم کا آغاز آج رات ہو رہا ہے۔ اس 56ویں سالانہ اجلاس میں دنیا بھر سے تین ہزار سے زائد عالمی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔

سوئس شہر میں 100 سے زائد بھارتی سی ای اوز بھی موجود ہیں، جبکہ ایک بڑا سرکاری وفد بھی پانچ روزہ اجلاس میں شرکت کرے گا۔ مرکزی وزراء جن میں اشونی ویشنو، پرہلاد جوشی اور کے رام موہن نائیڈو شامل ہیں، بھی اس فورم میں شرکت کریں گے۔

مہاراشٹر، آندھرا پردیش، مدھیہ پردیش، آسام اور جھارکھنڈ کے وزرائے اعلیٰ اپنے اپنے ریاستوں کو ممکنہ سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کریں گے۔


نتن نابن بی جے پی کے نئے قومی صدر بننے کے لیے تیار

بی جے پی کے ورکنگ صدر نتن نابن پارٹی کے نئے قومی صدر بننے جا رہے ہیں۔ بی جے پی کے قومی ریٹرننگ آفیسر ڈاکٹر کے لکشمن نے اعلان کیا کہ قومی صدر کے عہدے کے لیے صرف نتن نابن کا ہی نام تجویز کیا گیا۔

تاہم ان کے قومی صدر منتخب ہونے کا باضابطہ اعلان کل کیا جائے گا۔ ڈاکٹر لکشمن نے بتایا کہ قومی صدر کے عہدے کے لیے موصول ہونے والے تمام 37 نامزدگی فارم نتن نابن کے حق میں تھے اور جانچ کے بعد سبھی درست پائے گئے۔

بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، مرکزی وزراء امت شاہ، راج ناتھ سنگھ، نتن گڈکری اور پارلیمانی پارٹی بورڈ کے دیگر اراکین نے بھی نتن نابن کے نام کی تجویز پیش کی۔


وکست بھارت گرام جی ایکٹ پر کانگریس عوام کو گمراہ کر رہی ہے: شیو راج سنگھ چوہان

زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے وزیر شیو راج سنگھ چوہان نے وکست بھارت گرام جی ایکٹ کے معاملے پر کانگریس پر ملک کے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔

آج نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منریگا کے تحت کانگریس کی جانب سے دیے گئے حقوق صرف کاغذوں تک محدود تھے۔

وزیر نے زور دیا کہ وکست بھارت گرام جی ایکٹ کے تحت ہر دیہی خاندان کو کم از کم 125 دن کی اجرتی ملازمت کی ضمانت دی گئی ہے، جو پہلے 100 دن تھی۔


چھتیس گڑھ میں نو ماؤ وادیوں نے ہتھیار ڈال دیے

چھتیس گڑھ کے گاریابند ضلع میں آج چھ خواتین سمیت نو ماؤ وادیوں نے خودسپردگی اختیار کی۔ ان پر مجموعی طور پر 48 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔

اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس امریش مشرا نے کہا کہ ان کی خودسپردگی کے بعد اب گاریابند ضلع میں کوئی فعال ماؤ وادی باقی نہیں رہا۔


یومِ جمہوریہ پریڈ کے لیے دس ہزار خصوصی مہمان مدعو

حکومت نے قومی تقریبات میں عوامی شرکت بڑھانے کے مقصد سے اس ماہ کی 26 تاریخ کو نئی دہلی کے کرتویہ پاتھ پر منعقد ہونے والی 77ویں یومِ جمہوریہ پریڈ کے لیے تقریباً 10 ہزار خصوصی مہمانوں کو مدعو کیا ہے۔

دفاعی وزارت کے مطابق یومِ جمہوریہ پریڈ ملک کی ثقافتی تنوع اور فوجی طاقت کا منفرد امتزاج ہے۔ مدعو مہمانوں میں بہترین اختراع کار، اسٹارٹ اپس، سیلف ہیلپ گروپس اور مختلف سرکاری اسکیموں کے تحت بہترین کارکردگی دکھانے والے افراد شامل ہیں۔

آمدنی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ خصوصی مہمانوں میں ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فاتحین، اٹل انوویشن مشن کے تحت تربیت یافتہ طلبہ، قدرتی کھیتی کرنے والے کسان اور پی ایم اسمایل اسکیم کے مستفیدین شامل ہیں۔

رشو جیسوال کے ساتھ بھانو پرتاپ سنگھ، آکاشوانی نیوز، دہلی۔



سپریم کورٹ نے تہواروں کے دوران ہوائی کرایوں میں غیر معمولی اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ وہ ہوائی کرایوں میں غیر متوقع اتار چڑھاؤ میں مداخلت کرے گی۔

ایک مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے ایئر لائنز کی جانب سے ہوائی کرایوں میں بے تحاشہ اضافے کو استحصال قرار دیا اور مرکز اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن سے جواب طلب کیا۔

عدالت نے مرکز کی جانب سے جواب داخل کرنے کے لیے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل انیل کوشک کی درخواست پر سماعت کو اگلے ماہ کی 23 تاریخ تک ملتوی کر دیا۔



افغانستان میں ہوٹل میں دھماکہ، کئی افراد ہلاک و زخمی

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے وسطی اور سخت حفاظتی علاقے میں آج ایک ہوٹل میں دھماکہ ہوا، جس میں کئی افراد کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

تاحال کسی گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔


برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے آج کہا کہ گرین لینڈ کے معاملے پر اتحادیوں کے خلاف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف کی دھمکیاں بالکل غلط ہیں اور تجارتی جنگ کسی کے مفاد میں نہیں۔

وہ لندن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔


دہلی اور شمالی بھارت میں گھنے کہرے کا یلو الرٹ

بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کل دہلی، بہار، ہریانہ، چندی گڑھ اور پنجاب کے کچھ مقامات پر گھنے کہرے کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔

ادھر دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی کی سطح بدستور شدید زمرے میں بنی ہوئی ہے۔


اسرائیل کے لیے سابق امریکی سفیر نے دعویٰ کیا ہےکہ صدر ٹرمپ ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے کی کوشش کریں گے۔

سابق امریکی سفیر ڈان شپیرو سابق امریکی صدر بارک اوبامہ کے دور صدارت میں اسرائیل میں امریکی سفیر تعینات تھے۔

اسرائیلی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک انٹرویو میں سابق امریکی سفیر ڈان شپیرو نے کہا کہ صدر ٹرمپ آنے والے ہفتوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کرنے کی کوشش کریں گے۔

سابق امریکی سفیر کا دعویٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب ایرانی سپریم لیڈر نے یہ الزام عائد کیا کہ ایران میں تشدد، مظاہروں اور قتل میں امریکی صدر ملوث ہیں۔

ڈان شپیرو نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے متعلق کہا کہ اب وہ 86 برس کے ہوچکے ہیں اور بیمار آدمی ہیں لہٰذا ایران کو اس وقت ایک نئی قیادت کی ضرورت ہے۔

اس کے علاوہ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سابق امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ جلد امریکا کا ایک بڑا بیڑا مشرق وسطیٰ میں موجود ہوگا جو ایران پر حملے کو نہ صرف آسان بنائے گا بلکہ ایران کے جواب کی صورت میں دفاعی تیاریوں میں بھی مدد دے گا۔