Last Updated on January 20, 2026 12:19 am by INDIAN AWAAZ

AMN

وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ وفد سطح کی بات چیت کی۔ اس ملاقات کے دوران بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دفاع، خلاء، توانائی، سپر کمپیوٹنگ اور فوڈ سیفٹی کے شعبوں میں کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

میٹنگ کے نتائج پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے خارجہ سکریٹری وکرم مصری نے کہا کہ اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری اور خلائی انفراسٹرکچر کی ترقی اور اس کی تجارتی کاری سے متعلق مشترکہ اقدامات کے لیے معاہدے طے پائے ہیں۔

مسٹر مصری نے بتایا کہ گجرات کے دھولیرا میں خصوصی سرمایہ کاری خطے کی ترقی میں متحدہ عرب امارات کی شراکت کے لیے بھی معاہدہ کیا گیا ہے۔

خارجہ سکریٹری نے کہا کہ بھارت اور متحدہ عرب امارات نے بھارت میں ایک سپر کمپیوٹنگ کلسٹر کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے 2032 تک دوطرفہ تجارت کو بڑھا کر 200 ارب امریکی ڈالر کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔

مسٹر مصری کے مطابق وزیر اعظم مودی اور متحدہ عرب امارات کے صدر نے سرحد پار دہشت گردی سمیت دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر کی سخت مذمت کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی ملک دہشت گردی کی مالی معاونت، منصوبہ بندی، حمایت یا اس میں ملوث عناصر کو محفوظ پناہ گاہ فراہم نہ کرے۔

دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف کارروائی اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کو مضبوط بنانے کے لیے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے فریم ورک کے تحت تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس کے ساتھ ہی مائیکرو، اسمال اور میڈیم سیکٹر انٹرپرائزز کو جوڑنے کے لیے ٹیموں کو کام کرنے کی ہدایت دی گئی۔

متحدہ عرب امارات کے صدر آج شام نئی دہلی پہنچے۔ ایک خصوصی خیرسگالی اشارے کے طور پر وزیر اعظم مودی نے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا ہوائی اڈے پر استقبال کیا۔