
FILE PHOTO
AGENCIES
پاکستان میں، بلوچستان کے ضلع کچی میں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے عسکریت پسندوں کی جانب سے 400 سے زائد مسافروں کو لے جانے والی ٹرین کو ہائی جیک کرنے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے 155 سے زائد مغویوں کو بازیاب کرالیا۔ سیکیورٹی آپریشن میں اب تک جعفر ایکسپریس کے ہائی جیکنگ میں ملوث 27 عسکریت پسند مارے جاچکے ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد مغویوں کو بازیاب کرانے میں کامیابی حاصل کی۔ بچائے گئے مسافروں کو قریبی قصبے مچھ لے جایا گیا ہے جہاں طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ایک عارضی اسپتال قائم کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کے دہشت گرد افغانستان میں اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں، دہشت گردوں نے خودکش بمبار دہشت گردوں کو کچھ معصوم یرغمالی مسافروں کے بالکل پاس بٹھایا ہوا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ممکنہ شکست کے پیش نظر دہشت گرد خودکش بمبار معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خودکش بمباروں نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنایا ہوا ہے، خودکش بمبار 3 مختلف مقامات پر عورتوں اور بچوں کو یرغمال بناکر ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، عورتوں، بچوں کی خودکُش بمباروں کے ساتھ موجودگی پر آپریشن میں انتہائی احتیاط کی جارہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 37 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ 155 مسافروں کو دہشت گردوں سے بازیاب کروا لیا گیا ہے
دریں اثنا، ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق منگل کو دہشت گردوں نے بلوچستان کے ایک دشوار گزار علاقے میں جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا اور 400 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنا لیا، جن میں ایک بڑی تعداد سیکیورٹی اہلکاروں کی بھی شامل تھی۔
اگرچہ دور دراز علاقے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا تھا، سیکیورٹی فورسز نے بتایا تھا کہ انہوں نے ڈھاڈر کے علاقے میں بولان پاس میں یرغمالیوں کو بچانے کے لیے ایک بڑے آپریشن کا کیا تھا، جس میں گزشتہ رات تک کم از کم 16 حملہ آور ہلاک کیے جاچکے تھے۔
حملے میں جاں بحق افراد کی کل تعداد کی تصدیق نہیں ہوئی، لیکن حکام نے کہا ہے کہ اس حملے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
کوئٹہ میں ریلوے کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) عمران حیات کے مطابق حملے میں انجن کے ڈرائیور اور 8 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے خواتین اور بچوں سمیت 100 سے زائد مسافروں کو حملہ آوروں سے بچایا ہے، جنہوں نے یرغمالیوں کو بولان رینج کے خطرناک پہاڑوں میں لے گئے تھے۔