
Staff Reporter
عالمی ادارۂ صحت () کی دوسری عالمی روایتی طب کانفرنس کا افتتاح نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں کیا گیا۔ اس کانفرنس کا مشترکہ انعقاد عالمی ادارۂ صحت اور بھارت کی وزارتِ آیوش کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔ افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ آیوش پرتاپ راؤ جادھو نے روایتی طب کے شعبے میں بھارت کے طویل تجربے اور خدمات کو اجاگر کیا اور تحقیق، معیار بندی اور عالمی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ 2016 سے شروع ہونے والا یہ اشتراک روایتی طب کو عالمی سطح پر فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیر آیوش نے اسکالرشپس، عالمی شراکت داری اور آیوش گرڈ جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے تعلیم، تحقیق اور صلاحیت سازی کے میدان میں بھارت کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی تعاون کو بھی نمایاں کیا۔
عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم گیبریاسس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ ہزاروں سال پرانے طبی علم کو جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے سائنس اور روایت، علم اور عملی تجربات کے درمیان پل قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
کانفرنس کے موقع پر آیوش نمائش بھی منعقد کی گئی ہے، جس میں آیوروید، یوگا، یونانی، سدھا، سووا رِگپا اور ہومیوپیتھی سمیت بھارت اور دنیا بھر کی روایتی طب کی مختلف نظاموں کو پیش کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر ٹیڈروس نے عالمی صحت اسمبلی کی جانب سے عالمی روایتی طب پالیسی 2025–2034 کی منظوری اور اس کے نفاذ کے لیے بھارت میں عالمی روایتی طب مرکز کے قیام کا بھی ذکر کیا۔
کانفرنس میں سائنسی شعبے میں اہم اقدامات کے اعلان کے ساتھ ساتھ روایتی طب کے محفوظ، مؤثر اور شواہد پر مبنی استعمال کو فروغ دینے کے لیے نئی عالمی وابستگیوں کے اعلان کی توقع ہے۔ کانفرنس کا موضوع ہے: “توازن کی بحالی: صحت اور جسمانی نگہداشت کا علم اور اس کا اطلاق”۔
آیوش سیکریٹری ویدیہ راجیش کوٹیچا نے بتایا کہ اس دوسرے عالمی سربراہی اجلاس میں عالمی ادارۂ صحت کے 100 سے زائد رکن ممالک کے تقریباً 25 وزرائے صحت شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کانفرنس کے دوران تقریباً 16 ممالک کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں ہوں گی اور تنزانیہ کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔
