بھارت کے گیارہویں صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے یوم پیدائش کے موقع پر آج ملک بھر میں طلبا کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جنھیں بھارت کا ”میزائل مین“ بھی کہا جاتا تھا، پندرہ اکتوبر 1931 کو تمل ناڈو کے رامیشورم میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے سال 2002 سے 2007 تک بھارت کے گیارہویں صدر جمہوریہ کے طور پر فرائض انجام دیے۔ رامیشورم کے چھوٹے سے گاﺅں سے لے کر دلی کے راشٹرپتی بھون تک ڈاکٹر عبدالکلام کی زندگی کا سفر لاکھوں لوگوں کے لیے باعث ترغیب رہا۔ صدر جمہوریہ درودپدی مرمو نے بھی آج راشٹر پتی بھون میں معروف سائنس داں اور سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر عبدالکلام کو ان کے 92 ویں یوم پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی سابق صدر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو ملک کی تعمیر میں ناقابل موازنہ قرار دیا۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالکلام کی غیر معمولی سائنسی ذہانت اور عاجزی و انکساری کی وجہ سے وہ لوگوں میں بےحد مقبول تھے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عبد الکلام کی لکھی گئی کتابیں عوام بالخصوص نوجوان نسل میں بیحد مقبول رہی ہیں۔